(24نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں پارٹی ٹکٹ دیتے ہوئے بڑی غلطیاں ہوئیں، آج سوچتا ہوں فلاں کو وفاقی وزیر کیوں بنایا، ہمارے سابق حکمران چھٹیوں میں لندن جاتے ہیں، ان کے بچے اورجائیدادیں باہر ہیں۔ ناکافی وسائل کے باوجود گلگت بلتستان کیلئے ترقیاتی پیکج بڑا کارنامہ ہے۔طاقتورلوگ جب چوری کرتےہیں تو ملک کوتباہ کردیتےہیں۔ انصاف کے بغیر کوئی ملک آگے نہیں جاسکتا، چھوٹا چور محدود طبقے کو،طاقتور پورے ملک کونقصان پہنچاتاہے۔
عمران خان نے گلگت بلتستان کیلئے پیکج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طاقتور کو قانون کے تابع لائیں گے، نیب نےہمارے دور میں بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا۔ گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے پیکج لے کر آئے ہیں، یہاں کی خوبصورتی نے ہمیشہ مجھے مسحور کئے رکھا، بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے سبب ہمارے پاس پیسہ کم ہوتا ہے۔ کم پیسے کے باوجود ایسا پیکج بڑا کارنامہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سابق حکمرانوں کے بچے اور جائیدادیں باہر ہیں، ملک سے پیسہ باہر لے جانے والے سب سے بڑے غدار ہیں۔ مجھ سے غلط فیصلے بھی ہو جاتے ہیں۔ ماضی میں ٹکٹ دینے میں غلطیاں ہوئیں۔ ٹکٹ دینے میں غلط فیصلے پر اکثر سوچتا رہتا ہوں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے 370 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے، وزیراعظم کا وژن پسماندہ علاقوں کو ترقی دینا ہے، ان کی گلگت بلتستان کی ترقی پر خصوصی توجہ ہے، گلگت بلتستان سے خوبصورت علاقہ دنیا میں کہیں نہیں، علاقے میں سیاحت کےفروغ کیلئے کام جاری ہے۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سکردو اور چلاس میں ہسپتالوں کو بہتر کر رہے ہیں، گلگت بلتستان کے عوام کو بااختیار بنانا ہے۔ کراچی، بلوچستان، اندرون سندھ کے بعد یہاں ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا گیا، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان علاقےکی ترقی کیلئے سنجیدہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کا انتخابی عمل سے اعتبار ختم ہو رہا ہے: فواد چودھری