زمہ داری حکومت کی۔۔ مگرقیمتیں مافیا کنٹرول کرتا ہے۔۔ لاہور ہائیکورٹ

Apr 30, 2021 | 20:52:PM

 (24نیوز) لاہور ہائیکور ٹ نے چینی کی قیمتوں کے حوالے سے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کہ قیمتیں بازار کی طاقتیں کنٹرول کرتی ہیں،قیمتیں کنٹرول کرنے کے حوالے سے یکم مئی کو اجلاس طلب کیا جائے ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے اپنے عبوری حکم میں لکھاکہ اوپن مارکیٹوں میں مافیا بیٹھ کر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کنٹرول کرتا ہے ،حکومتی ذمہ داری ہے کہ قیمتیں اس سطح پر رکھے کہ عام آدمی خرید سکے۔قیمتیں مقرر کرنے میں صوبائی محکموں، انتظامی افسروں کی کنفیوژن واضح ہے۔
عدالت نے یکم مئی کو اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لئے اجلاس بلانے کا حکم دیتے ہوئے رمضان بازاروں کی قانونی حیثیت ، مختص بجٹ اور سبسڈی کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیدیا ۔فاضل عدالت نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔فاضل عدالت نے کیس کی مزید سماعت7مئی تک ملتوی کر دی۔
یہ بھی پڑھیں۔پاکستان سے رقم نکلوانے والی کمپنی براڈ شیٹ کو سنگین مقدمات کا سامنا

مزیدخبریں