موٹاپا کم کرنیوالی حیرت انگیز دوا 

Apr 30, 2022 | 15:37:PM

 (مانیٹرنگ ڈیسک)موٹاپا تیزی سے کم کرنیوالی نئی دوا ’’ٹرزیپاٹائیڈ‘‘ (tirzepatide) کی حتمی اور تیسرے مرحلے کی طبی آزمائشوں (فیز 3 کلینیکل ٹرائلز) میں رضاکاروں کا وزن اوسطاً 22.5 فیصد کم ہوا۔ یہ آزمائشیں 72 ہفتے جاری رہیں۔

 دوا پر تحقیق، تیاری اور اس کی طبّی آزمائشوں کا تمام کام بین الاقوامی ادویہ ساز کمپنی ’’ایلائی للی‘‘ (Eli Lilly) کے تحت 9 ملکوں میں انجام دیا گیا ہے۔فیز تھری کلینیکل ٹرائلز میں 2500 سے زیادہ رضاکار شریک تھے جن کا اوسط وزن 231 پاؤنڈ (105 کلوگرام) تھا۔رضاکاروں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا: پہلے گروپ کو ہفتے میں ایک بار اس دوا کی 5 ملی گرام مقدار بذریعہ انجکشن دی گئی، دوسرے گروپ کو 10 ملی گرام فی ہفتہ، تیسرے گروپ کو 15 ملی گرام فی ہفتہ، جبکہ چوتھے گروپ کو جعلی لیکن بے ضرر دوا (پلاسیبو) دی گئی۔

دوا کے ساتھ ان تمام رضاکاروں کے روزمرہ معمولات میں متوازن غذا اور جسمانی مشقت/ ورزش بھی شامل رکھی گئی تھی جبکہ یہ سلسلہ 72 ہفتے (ایک سال 5 مہینے) چلتا رہا۔کلینیکل ٹرائل کے اختتام پر معلوم ہوا کہ پلاسیبو لینے والے رضاکاروں کے وزن میں اس پورے عرصے کے دوران صرف 2.4 فیصد کمی واقع ہوئی۔اس کے مقابلے میں صرف 5 ملی گرام فی ہفتہ یہ دوا لینے والے رضاکاروں کا وزن 16 فیصد، جبکہ 15 ملی گرام فی ہفتہ کی خوراک لینے والے رضاکاروں کا وزن 22.5 فیصد کم ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:گورنر نے عثمان بزدار کو بحال کیا، انتظامیہ نے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

واضح رہے کہ یہ نتائج اگرچہ اب تک کسی تحقیقی مجلّے (ریسرچ جرنل) میں شائع نہیں ہوئے ہیں لیکن پھر بھی بہت امید افزاء ہیں۔ایلائی للی کو امید ہے کہ ان نتائج کی روشنی میں مرکزی امریکی ادارہ برائے غذا و ادویہ (FDA) صرف چند ماہ میں اسے موٹاپے کی ایک نئی دوا کے طور پر منظور کر لے گا۔

یہ بھی پڑھیں:مسجد نبوی میں ہلٹر بازی۔شیخ رشید بڑی مشکل میں پھنس گئے

مزیدخبریں