عوامی ریلیف کیلئے پالیسیاں بنائی جائیں، نواز شریف ،جلد خوشخبری دینگے ، شہبازشریف 

Apr 30, 2023 | 18:02:PM

(24 نیوز)مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے، انتخابات سے قبل عوامی ریلیف کیلئے پالیسیاں بنائی جائیں،وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ عوام کو بہت جلد ریلیف بارے خوشخبری دیں گے ،ریلیف پیکج سے عوامی مشکلات کم ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے بڑوں کی بیٹھک ہوئی جس میں وزیراعظم شہبازشریف، مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف ویڈیو لنک پر اورد یگر سینئر رہنما بھی شریک ہوئے، اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر گفتگوہوئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہاکہ ساڑھے 3 سال ملک کو نقصان پہنچانے والوں کی گارنٹی دینے والا کوئی نہیں،عوامی مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے،انتخابات سے قبل عوامی ریلیف کیلئے پالیسیاں بنائی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: اقتدار سے دوری عمران خان کو کھارہی ہے:خواجہ آصف
قائد ن لیگ نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے ملک و قوم کیلئے اپنا کردار ادا کریں ،ہم نے دن رات محنت کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا،ساڑھے 3 برس میں ملک اور عوام دشمنوں نے ترقی کو تباہ کردیا،پاکستان کے عوام ان کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔نوازشریف نے کہاکہ کچھ لوگوں کو ترقی ہضم نہیں ہوتی، عوام کو ایسے افراد سے بچنا ہوگا،ہمیں صرف ملک و قوم کا سوچنا ہو گا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ عوام کو بہت جلد ریلیف بارے خوشخبری دیں گے ،ریلیف پیکج سے عوامی مشکلات کم ہوں گی، وزیراعظم کاکہناتھا کہ ایک سال ہوگیا ملک کی بہتری کیلئے محنت کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن)نے پاکستان پیپلز پارٹی کی اہم وکٹ اڑا دی

مزیدخبریں