پاکستان نے ترکمانستان سے سسستی ایل پی جی کی درآمد شروع کر دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) معاشی مشکلات کا شکار پاکستان نے توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے ترکمانستان سے سستی ایل پی جی کی درآمد شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق160 ٹن سستی ایل پی جی کی پہلی کھیپ بذریعہ افغانستان چمن بارڈر سے ہوتے ہوئے پاکستان پہنچ گئی ہے، چمن حکام کے مطابق ضابطے کی کارروائی کے بعد ان ٹینکرز کو پشاور روانہ کیا جائے گا جبکہ مزید 10 ٹینکرز جن میں 600 ٹن ایل پی جی موجود ہے اسپن بولدک سے کلیئرنگ کے لیے بارڈر ٹریڈ ٹرمینل پہنچ گئے ہیں، دوسری جانب قندھار کسٹم چیف مولوی محمدحامداحمد کے مطابق ترکمانستان سے 50 ٹینکرز کارگو اسپن بولدک پہنچ گئے جو کلیئرنگ مراحل طے کرنے کے بعد پاکستان منتقل کیے جائیں گے، ان کا کہنا ہے کہ وسط ایشیا سے پاکستان کے لیے افغانستان ٹرانزٹ روٹ سے گیس کی برآمد میں کوئی رکاوٹ یا تاخیر نہیں ہوگی۔
ایل پی جی پلانٹ اونرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر سیدنسیم آغا کا کہنا ہےکہ 6 ماہ قبل اسلام آباد میں ترکمانستان کے سفیر کی وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات ہوئی تھی جس کے نتیجے میں ایک اعلیٰ سطح کا وفد ترکمانستان گیا اور ترکمانستان کے ساتھ ایران سے 25 فیصد کم ریٹ پر معاہدہ کیا،ان کا کہناتھا کہ ترکمانستان کے پلانٹس میں ایل پی جی کا پہلا تجارتی سودا کرکے پاکستانی تاجروں کو ٹریڈ کی نئی راہیں تلاش کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔