(کومل اسلم، جہانزیب آفریدی)محکمہ موسمیات نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد، بالائی پنجاب سمیت ملک کے چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کردی جبکہ کراچی اور لاہور میں موسم گرم اور خشک رہےگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش ہوسکتی ہے، کراچی میں گرمی کی موجودہ لہر جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
پیر کو ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نواب شاہ میں 41 ڈگری رہا، ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں طویل عرصے بعد ماہ اپریل میں برفباری، وادی تیراہ کے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، اورموسم انتہائی سرد ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری جبکہ گزشتہ روز بارش کے باعث آج فضا میں خنکی محسوس کی جا رہی ہے اورشہر میں گرمی کا احساس فی الوقت محسوس نہیں کیا جارہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 22ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ،زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں،ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے درمیان بارش کا کوئی امکان نہیں ہے،ائیر کوالٹی انڈکس کی مجموعی شرح 128ریکارڈ کی گئی ، جس کے بعد عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور بارہویں نمبر پر آگیا، ائیرکوالیٹی انڈیکس کےمطابق ٹھوکر نیاز بیگ 158, سید مراتب علی روڈ 152,یو ایس قونصلیٹ 139,فیز 8 ڈی ایچ اے 77 ائیر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی میں آئندہ 10 دنوں تک موسم گرم رہنے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب47 فیصد ہے اور شہرِ قائد میں ہوائیں 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:یکم مئی سے پٹرول اور ڈیزل سستا ملے گا قیمتوں میں حیران کن کمی کا اشارہ مل گیا
دوسری جانب موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق کراچی میں آئندہ 10 دن تک موسم گرم رہے گا اور درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان بڑھنے کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کا بتانا ہے کہ شمال مغرب سے چلنے والی گرم اور خشک ہوائیں موسم گرم رکھنے کا سبب ہیں، شمال مغرب سے چلنے والی ہواؤں کے باعث فضائی معیار بھی متاثر رہے گا تاہم شام میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم بہتر ہونے کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق جنوب اور جنوبی مشرقی ایشیائی ممالک گزشتہ ہفتے سےہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں، بنگلا دیش، ویتنام، تھائی لینڈ اور میانمارگرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں، بنگلا دیش، ویتنام، تھائی لینڈ اور میانمار میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد ریکارڈ کیے جارہے ہیں۔
موسمیاتی تجزیہ کار کا بتانا ہےکہ جنوبی ایشیائی ممالک میں پڑنے والی گرمی کی لہریں مون سون کی شدت پر اثرانداز ہوتی ہیں، رواں سال مون سون کی شدت زائد رہ سکتی ہے جب کہ رواں سال پاکستان میں بھی معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔