(اویس کیانی)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آئی ایم ایف کی آخری مالیاتی قسط کے آج جاری ہونے پر اظہار اطمینان کیا ہے۔کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کی 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط ملنے سے پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا ۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 2016 میں میرے قائد نوازشریف نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا تھا، یہ ایس بی اے دوسر ا پروگرام ہے جو مکمل ہورہا ہے،16 ماہ کی حکومت کے دوران پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں آئی ایم ایف سے یہ معاہدہ اہم ثابت ہوا تھا ،پاکستان کے معاشی تحفظ کے لئے تلخ اور مشکل فیصلے کئے لیکن ان کے ثمرات معاشی استحکام کی صورت سامنے آرہے ہیں۔
ضرورپڑھیں:پاکستان کیلئے 1 ارب 10 کروڑڈالرجاری کرنے کی منظوری
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی نے معیشت کو بہتر بنانے کا موقع دیا ہے، پوری جان لڑائیں گے، پاکستان کو معاشی ترقی دلائیں گے،قرض لینا کامیابی نہیں، کامیابی اس دن ہوگی جس دِن قرض سے نجات پائیں گے ، اِن شاءاللہ،اسی جذبے سے درست سمت میں تسلسل سے محنت جاری رہی تو قرض سے نجات اور معاشی خوش حالی کا دور بھی جلد آئے گا ، اِن شاءاللہ۔
وزیراعظم نے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب سمیت تمام معاشی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی ۔وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ایم ڈی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کا مشکل وقت میں ساتھ دیا ۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں مہنگائی کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک متاثر ہوئے، ہمارے سامنے مہنگائی کا شدید مسلہ ہے، قرضوں کا جال موت کا پھندہ بن گیا ہے، ہم وسیع پیمانے پر اصلاحات کرنے جارہے ہیں۔