(24 نیوز) سینئر صحافی اور تجزیہ کار سلیم بخاری نے اسرائیل اور فلسطین کی جنگ بندی کو اسرائیل کا ایک اور ڈارامہ قرار دے دیا۔
24 نیوز کے پروگرام ’دی سلیم بخاری شو‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم بخاری نے غزہ میں اسرائیل اور امریکا کی جانب سے جنگ بندی کو ایک اور ڈرامہ قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ اس جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیل اپنے قیدیوں کو رہا کروا کر پھر سے غزہ کی اینٹ سے اینٹ بجائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی
انہوں نے اقوام متحدہ کی دوغلی پالیسی اور منافقانہ رویے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو اسرائیل کے مظالم نظر نہیں آتے، اسرائیل ریڈ لائن کراس کر چکا ہے، امریکا اور یورپ کی یونیورسٹیوں میں ہونے والے مظاہرے اس کی ایک جھلک ہے کہ اب مہذب دنیا بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف اٹھ کھڑی ہے، یہودیوں کے فلسطینیوں پر مظالم پر امریکا بھی بے بسی دکھا رہا ہے۔
سینئر صحافی نے جنگ بندی کو سیز فائز کی بجائے ہولڈ فائر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل قیدیوں کی رہائی کے بعد مظلوم فلسطینیوں کی آخری پناہ گاہ رفح کو بھی تباہ و برباد کرے گا، یہودی فلسطینیوں کو نست و نابود کرنا چاہتے ہیں۔
بعد ازاں انہوں نے مسلم امہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو مسلم حکمران خاموش بیٹھے ہیں ان کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ورنہ معاملات اور زیادہ بگڑیں گے اور حالات مزید کشیدگی اختیار کریں گے۔