(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے کہا ہے کہ بہت جلد ڈالر 200 روپے سے نیچے ہوگا۔
آئی ایم ایف سے قرض منظوری پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے ٹویٹر پیغام میں سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ نے پاکستان کا پروگرام منظور کر دیا ہے۔ مبارک ہو، بہت جلد ڈالر 200 سے سے نیچے ہوگا۔
دوسری جانب آئی ایم ایف نے پاکستان کے قرض پروگرام سے متعلق اعلامیہ جاری کر دیا۔ آئی ایم ایف بورڈ نے بعض شرائط پر عمل درآمد سے استثنیٰ دے دیا۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ بورڈ نے پاکستان کے لیے 1.1 ارب ڈالرز قرض کی منظوری دے دی، قرض پروگرام کی مدت میں جون 2023 تک توسیع کی گئی ہے، قرض 6 ارب سے بڑھا کر 6.5 ارب ڈالرز کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آئی ایم ایف کا پاکستان کے قرض پروگرام سے متعلق اعلامیہ جاری
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے معاشی بد حالی کو روکنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، حکومت کی پہلی ترجیح بجٹ اقدامات پر عمل درآمد کرنا ہے، حکومت مارکیٹ ایکسچینج ریٹ طے کرے گی، مانیٹری پالیسی کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
آئی ایم ایف اعلامیے میں کہا گیا کہ غریب افراد کی مدد کے لیے سوشل سیفٹی نیٹ کو بڑھایا جائے گا، خسارے کا شکار اداروں میں اصلاحاتی عمل تیز کیا جائے گا، پاکستان مشکل معاشی راستے پر کھڑا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ2022 میں کیے گئے اقدامات سے مہنگائی بڑھی ہے، ان اقدامات سے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی ہوئی، حکومت نے 2023 میں پرائمری سرپلس کا وعدہ کیا ہے، حکومت نے اخراجات کو قابو کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، حکومت نے آمدن بڑھانے کے لیے ٹیکس محاصل میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔
آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر شیڈولڈ لیوی بڑھائے گی، بجلی کے ٹیرف کا اعلان کیا جائے گا، پاور سیکٹر کے نقصانات کو کم کیا جائے گا۔