(ویب ڈیسک ) مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان 18 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹریڈنگ اکنامکس کی جانب سے مہنگائی سے متاثر ہونے والے ممالک کی لسٹ جاری کی گئی ہے ، لسٹ کے مطابق پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں اٹھارویں نمبر پر ہے ،اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نائیجیریا اور لاؤس کو پیچھے چھوڑ کر مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں 18 ویں نمبر پر آگیا ہے۔
دوسری جانب ملک میں خوردنی تیل کی درآمدات میں ماہانہ بنیاد پر کمی ریکارڈ کی گئی ،پام آئل 5.40فیصد اورسویابین آئل کی درآمدات میں6.82فیصد کی کمی ہوگئی ،
پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کےمطابق جولائی میں پام آئل کی درآمدات میں 5.40فیصد اورسویابین آئل کی درآمدات میں6.82فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی،اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2023 میں 12575 میٹرک ٹن سویا بین آئل درآمد کیا گیا جس پر 14.595 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا ۔ گزشتہ سال جولائی میں 11000میٹرک ٹن سویا بین آئل درآمد کیاگیا تھا جس پر 15.809 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔
اسی طرح جولائی میں 277801 میٹرک ٹن پام آئل کی درآمد ریکارڈکی گئیں جس پر 278.93 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا،گزشتہ سال جولائی میں 194081 میٹرک ٹن پام آئل درآمد کیاگیا جس پر 299.39 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔ واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے مہینہ میں اشیائے خوراک کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 18.13 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔