(24 نیوز) بلوچستان کی نگراں صوبائی کابینہ میں مزید 6 وزراء کو شامل کرلیا گیا جنہوں نے حلف بھی اٹھا لیا۔
گورنر ہاؤس میں نئے وزراء کی حلف برداری کی تقریب ہوئی جہاں گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ نے وزراء سے حلف لیا۔ نگراں وزراء میں نوابزادہ جمال رئیسانی، سردار اعجاز جعفر اور شیخ محمود الحسن مندوخیل، امان اللہ کنرانی، امیرمحمد جوگیزئی اور آصف رحمان شامل ہیں۔
حلف برداری کی تقریب میں نگراں وزیراعلیٰ علی مردان ڈومکی، نگران وزراء اور سابق اراکین اسمبلی سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیے: بجلی بلوں کیخلاف ملک گیر ہڑتال،تاجروں نے حمایت کردی
نئے وزراء کی حلف برداری کے بعد بلوچستان کی نگراں کابینہ میں وزراء کی تعداد گیارہ ہوگئی جبکہ تین مشیر بھی کابینہ کا حصہ ہیں۔
نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزراء کو محکمے بھی تفویض کر دیے، ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی صحت اور امان اللہ کنرانی قانون و پارلیمانی امور اور پراسیکیوشن کے نگران وزیر ہونگے جبکہ نوابزادہ جمال رئیسانی کھیل، امور نوجوانان اور ثقافت کے نگران وزیر ہوں گے۔
اسی طرح شیخ محمود الحسن مندوخیل کو بلدیات و دیہی ترقی، سردار اعجاز خان جعفر کو بلدیات و بہبود آبادی اور آصف الرحمان کو بین الصوبائی رابطہ کے نگران وزیر کے قلمدان سونپے گئے ہیں۔