(24 نیوز)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے حوالہ ہنڈی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق اسلام آباد زون کی بڑی کاروائی کرتے ہوئے آرا بازار روڈ چکوال سےحوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاون کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن سے3 کروڑ 41 لاکھ روپے کی رقم بھی برآمد کی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار کئے جانے والے ملزمان کی شناخت سجاد حسین اور محمد ولید کے ناموں سے ہوئی جو کہ بغیر لائسنس کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث تھے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان سے حوالہ ہنڈی سے متعلق دستاویزات ، پیغامات، موبائل فونز اور متعدد رسیدیں برآمد ہو ئی،ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزموں کیخلاف فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:تہرے قتل کا ملزم6سال بعد گرفتار
ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد سید رضوان شاہ کی ہدایت میں6 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی تھی،ٹیم نے جدید وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا،ملزمان راولپنڈی ڈویژن میں حوالہ ہنڈی کا ایک بڑا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔