(ویب ڈیسک) ایشیاء کپ 2023ء میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے نیپال کو 238 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی،343 رنز کے تعاقب میں نیپال کی ٹیم 104 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
نیپال کا بیٹنگ آرڈرشاہینوں کے بولنگ اٹیک کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا، نیپالی بلے باز ایک ایک کرکے پویلین جاتے رہے، 8 نیپالی بیٹسمین ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکے، نیپال کی جانب سے سومپال کامی 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
شاہین شاہ آفریدی اورحارث رؤف نے 2 ، 2 شکار کیے جبکہ شاداب خان نے بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھلائی، نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ملتان میں کھیلے جانے والے ایشیاء کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، فخرزمان اور امام الحق اوپننگ کرنے آئے۔
فخر زمان نے اننگز کا آغاز چوکوں سے کیا تاہم وہ بڑی شاٹ لگانے کے چکر میں کیچ آؤٹ ہوگئے، اوپنر امام الحق محض 5 رنز پر رن آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔
یہ بھی پڑھیے: ایشیا کپ؛ بابراعظم کی کیریئر کی 19 ویں سنچری،ہاشم آملہ کا ریکارڈ توڑ دیا
پاکستان کی لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو محمد رضوان اور کپتان بابراعظم نے سہارا دیا اور مضبوط پارٹنرشپ قائم کی۔
محمد رضوان 44 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوگئے اس وقت 180 کے مجموعی سکور پر پاکستان کے چار کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔
محمد رضوان کے پویلین لوٹ جانے کے بعد افتخار احمد اور بابراعظم نے دھواں دار اننگز کھیلی، بابراعظم نے کیپٹن اننگز کھیلتے ہوئے اپنے کیرئیر کی 19 ویں اور مجموعی طور پر 29 ویں سنچری اسکور کی، ان کے ساتھ افتخار احمد بھی تیز رفتار بلے بازی کے باعث سنچری بنانے میں کامیاب رہے، دونوں بلے بازوں نے 214 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ پاکستان کی جانب سے مقررہ اوورز میں 342 رنز بنائے گئے۔
بابراعظم 19 ویں سنچری سکور کرنے کے بعد پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچری اسکور کرنے والے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔
نیپال کے سومپی کال 2 جبکہ کرن اور سندیپ لمیچانے نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔