بلوچستان سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرنے کا وقت آگیا، وزیرداخلہ محسن نقوی
دہشت گرد گروہوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے،ریاست کی رٹ کسی کو چیلنج نہیں کرنے دیں گے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرنے کا وقت آگیا،ریاست کی رٹ کسی کو چیلنج نہیں کرنے دیں گے۔
کوئٹہ میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے ملاقات میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گرد گروہوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے اور اس فتنے کا سر سختی سے کچلا جائے گا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ریاست کو نہ ماننے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے اورریاست کے سامنے ہتھیار ڈالنے اور آئین پاکستان کو ماننے والوں سے بات چیت کا فیصلہ کیا گیا ہے، دہشت گردی کے واقعات میں ملوث کسی گروہ سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،بلوچستان میں قیام امن کیلئے ہر سطح پر فوری اقدامات کئے جائیں گے، بلوچستان کی سکیورٹی فورسز، فرنٹیئر کور، پولیس اور لیویز کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا، ہمارے لوگوں کو شہید کرنے والوں کوبھاگنے یا چھپنے نہیں دیں گے۔
گورنربلوچستان نے اس موقع پرکہا کہ سکیورٹی فورسز اور عوام ایک ہیں، چند عناصر امن کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔
گورنر بلوچستان نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کئے فیصلوں کو بروقت اور قیام امن کے لئے ناگزیر قرار دیا۔