( 24نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 ایڈیشنل ججز جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس بابر ستار نے بطور ایڈیشنل جج عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نےدونوں ایڈیشنل ججوں سےحلف لیا۔دونوں ایڈیشنل ججوں کو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد سے ایک سال کی مدت کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن پاکستان (جے سی پی) نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے عہدے کے لئے 2 نمایاں وکلا بابر ستار اور طارق محمود جہانگیری کی نامزدگی کی منظوری دی تھی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بابر ستار اور طارق محمود جہانگیری کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا۔
ججوں کے تقرر کے لئے بنی پارلیمانی کمیٹی نے 21 دسمبر کو بابر ستار اور طارق محمود جہانگیری کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کی حیثیت سے تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔