سربراہ اجلاس میں بلاول کا موقف سن کر فیصلہ کرینگے،فضل الر حمان،مریم نواز

Dec 30, 2020 | 23:16:PM
 سربراہ اجلاس میں بلاول کا موقف سن کر فیصلہ کرینگے،فضل الر حمان،مریم نواز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم  کے سربراہ مولانا فضل الر حمان نے کہا ہے کہ استعفوں اور سینٹ الیکشن میں شمولیت بارے حتمی فیصلے ٹی ڈیم کے سربراہی اجلاس میں ہونگے۔  پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس میں بڑا مثبت رویہ سامنے آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ہونیوالے اجلاس کے بعد مولانا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بڑے نظریاتی انداز کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، صحافی کے سوال پر کہ آپ بینظیر بھٹو کی برسی میں شامل کیوں نہیں ہوئے کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو دن پہلے برسی میں شمولیت کی اطلاع ملی ۔ شیڈول سخت ہونے کے باعث محترمہ بے نظیربھٹو کی برسی میں شامل نہ ہو سکا لیکن پی ڈی ایم کی پوری کابینہ نے برسی میں شرکت کی اور ہمارا وفد بھی شریک ہوا۔ مولانا نے کہا اختلاف کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاورکے جلسے میں اگر بلاول نہیں آئے تو کسی نے معلوم کیا، انہوں نے کہا کہ یکم جنوری کو پی ڈی ایم کے سربراہ اجلا س میں سیاسی جماعتوں کی سوچ کا جائزہ لیکر حتمی فیصلہ کرینگے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ حکومت کا احتساب غیر موثر ہو چکا ہے اب وہ ہمارے احتساب کے شکنجے میں ہے، ہم نے ان کے گریبانوں میں ہاتھ ڈالا ہوا ہے۔کل رات کو میاں نوازشریف کی میرے ساتھ بات ہوئی۔ میں نے میاں نوازشریف کو یوم تاسیس کے موقع پر ویڈیو لنگ کے ذریعے شامل ہونے کی دعو ت دی۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کیساتھ ملاقات میں اہم معاملات پر گفتگو اور خواجہ آصف کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی گرفتاری انتقامی سیاست کا تسلسل ہے۔ فضل الرحمان نے کہا کہ گرفتاریاں چھوٹی باتیں ہیں، پی ڈی ایم کا مستقبل جمہوریت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'پی ڈی ایم کا اجلاس لاہور میں ہوگا تو اس بارے میں بھی سوچا گیا کہ ہمارے سامنے کیا مسائل ہیں اور اجلاس میں کن موضوعات پر بات کرنی ہے اس پر مشاورت رہی ہے، جس پارٹی کی جو بھی سوچ ہے اس کا حتمی فیصلہ اوربحث پی ڈی ایم کے اجلاس میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی اس بات پر خراج تحسین پیش کیا گیا کہ ہم جو بھی بات کر رہے ہیں وہ تجاویز ہیں اور حتمی فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی۔

اس موقع پرمسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بلاول بھٹونے پریس کانفرنس میں جو باتیں کہیں بہت اچھی تھیں۔ بلاول نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ارکان نے جو تجاویز دیں انہیں پی ڈی ایم کے اجلاس میں رکھیں گے۔مریم نے مزید کہا کہ میاں نوازشریف کا پاسپورٹ اگر منسوخ ہو گا تویہ 22 کروڑ عوام کا پاسپورٹ منسوخ ہو گا۔ ساری دنیا دیکھے گی کہ تین مرتبہ وزیراعظم منتخب ہونے والے لیڈر کیساتھ کیسا سلوک کیا جا ر ہا ہے۔

   مریم نواز کا کہنا تھا کہ یکم جنوری کو اہم اجلاس شیڈول ہے۔ اتحاد میں شامل تمام اپوزیشن جماعتیں مشاورت سے آگے چلیں گی۔ سربراہی اجلاس میں جو فیصلہ ہوگا وہی سب کا ہوگا۔ پی ڈی ایم نظریاتی انداز کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ بلاول بھٹو کا موقف سربراہی اجلاس میں سنیں گے، ان کی تجاویز سنیں گے، پھر فیصلہ کریں گے۔ اس سے پہلے قیاس آرائیاں مناسب نہیں ہیں، مفروضوں پر کچھ نہیں کہوں گی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی خود کہہ چکے ہیں کہ سی ای سی کی سفارشات پی ڈی ایم کے سامنے رکھیں گے۔ سربراہی اجلاس میں مشاورت کے بعد فیصلے کیے جائیں گے۔قبل ازیں اجلاس میں سیاسی صورستحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،اجلاس میں میاں نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں مسلم لیگ نے دیگر رہنما بھی شریک تھے۔