(24نیوز) نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ انتخابی عمل کے حوالے سے صوبہ میں کہیں بھی کوئی شکایت سامنے آئی تو ہم نے قدم اٹھایا۔ پنجاب میں کسی کو بھی انتخابی مہم سے نہیں روکا جا رہا، سیاسی سرگرمیاں اور انتخابی مہم چلانا ہر کسی کا حق ہے۔
راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ کے جائزے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ منصوبہ پنجاب کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ ایف ڈبلیو او نے منصوبے پر 12 فیصد کام کر لیا ہے، منصوبہ 2 اگست تک مکمل کر لیا جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ 38 کلو میٹر طویل منصوبہ ایک عرصے سے تاخیر کا شکار تھا۔ رنگ روڈ منصوبہ راولپنڈی اور اسلام آباد کیلئے بہت ضروری ہے، کہچری چوک منصوبے پر بھی کام کا آغاز کیا جائے گا۔ پانی کا مسئلہ راولپنڈی کے لیے کافی سنگین ہے جس پر کمشنر راولپنڈی نے بہت کام کیا۔
مزید پڑھیں: مریم نواز کے لاہور اورسرگودھا کے تمام حلقوں سے کاغذات نامزدگی منظور
اُن کا مزید کہنا تھا کہ 10 سالوں کی پروموشن ایک طرف ہے اور گزشتہ 10 ماہ کی پروموشن ایک طرف ہے۔ ہماری کوشش ہے ان منصوبوں کو مقررہ تاریخ سے پہلے مکمل کیا جائے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ددوچھہ ڈیم دو سال کا منصوبہ ہے، اس سے پہلے ہم اس منصوبے کو مکمل کریں گے۔ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے حوالے سے کوئی این او سی جاری نہیں کیا گیا۔ ہولی فیملی ہسپتال میں مشینری بیڈز سب نئے دیں گے۔ ددوچھہ ڈیم کی تعمیر کے دوران کسی کا معاوضہ روکا نہیں جارہا۔
پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے حوالے سے بھی کام جاری ہے اُمید کرتے ہیں آئندہ آنے والی حکومت ان ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھے گی۔