(24 نیوز)تحریک انصاف کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے معاملے پر پی ٹی آئی کے 54 رہنماؤں اور امیدواروں نے الیکشن کمیشن میں مشترکہ درخواست دیدی۔
تحریک انصاف نے وفاقی و چاروں صوبائی حکومتوں،17 ڈی آر اوز، نادرا ،پیمرا ،پی ٹی اے کو فریق بنایاہے،تحریک انصاف نے پی ٹی آئی رہنماؤں،ورکرز امیدواروں کے خلاف جاری کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں تحریک انصاف کے ساتھ انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں،تحریک انصاف کو نگران حکومتیں آئینی حق سے محروم کررہی ہیں،پی ٹی آئی امیدواروں،تائید و تجویز کنندگان کو آر اوز کے دفاتر سے گرفتار کیا جارہا ہے۔
تحریک انصاف نے درخواست میں 49 حلقوں میں پیش آنے والے واقعات کی تفصیلات جمع کرا دیں،درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی اے انٹرنیٹ بند کرکے بنیادی حق سے محروم کررہا ہے،نادرا نے پی ٹی آئی وررکرز اور رہنماؤں کے شناختی کارڈز بلاک کئے،لاہور،راولپنڈی،میانوالی،ملتان،فیصل آباد سمیت 17 اضلاع میں ڈی آر اوز نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
درخواست میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی ورکرز کو پولیس حراساں کررہی ہے،بطور جماعت تحریک انصاف کو ٹی وی چینلز پر کوریج نہیں دی جارہی،الیکشن کمیشن آئین کے آرٹیکل 218،220 کے تحت صاف شفاف انتخابات کرائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن وفاقی و صوبائی حکومتوں کو پی ٹی آئی کے خلاف جاری کارروائیاں روکنے کا حکم دے،الیکشن کمیشن میں درخواست شاہ محمود قریشی،مونس الٰہی،جمشید دستی،شیخ وقاص اکرم ،بشارت راجہ اور دیگر رہنماؤں نے دی،پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل انتظار پنجوتھہ نے درخواست جمع کرائی۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو انتخابات سے قبل ہی بڑی خوشخبری مل گئی