(ویب ڈیسک )پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ایم ڈی فرخ سبزواری کا کہنا ہے کہ ملک میں استحکام رہا تو 2025ء نمو کا سال ہو گا۔
نجی ٹی وی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے فرخ سبزواری نے کہا کہ معاشی استحکام کے بغیر ملک نہیں چلتے، سیاسی اتفاق ہوجائے تو کیا ہی بات ہو۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے اہداف، نج کاری اور اداروں کی بہتری استحکام سے ہی ممکن ہے۔
فرخ سبزواری کا کہنا ہے کہ ریفارمز ایجنڈا پالیسی تسلسل ہماری ترجیح ہونی چاہیے، 2 سال پہلے ڈیفالٹ پر تھے، اب ایک سال سے ہر نمبر اچھا ہے، آئی ایم ایف پروگرام پر عمل کرنا چھوڑا تو مسئلہ ہو گا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ایم ڈی نے کہا کہ معاشی استحکام مواقع فراہم کر رہا ہے، جس سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے، 2025ء میں توجہ سرمایہ کاروں اور لسٹنگ کی تعداد بڑھانے پر ہو گی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کوششوں کے باوجود پی ایس ایکس گھریلو برینڈ نہیں بن سکا، سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھانے کے لیے خواتین اور نوجوانوں پر توجہ دینا ہو گی۔