وزیرِاعظم کی گوادر ایئر پورٹ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت
شہباز شریف سے انسداد پولیو ٹیم کی بھی ملاقات،پولیو کو پاکستان سےختم کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عزم
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24 نیوز )وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں کے درمیان رابطہ سڑکوں کا نظام بہتر بنانے اور گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متعلق امور پر اجلاس ہوا،اجلاس میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ گوادر کا نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ چین پاکستان عظیم دوستی کی نمایاں مثال ہے، بین الاقوامی معیار اور جدید سہولتوں سے آراستہ ایئرپورٹ تعمیر کرنے پر چین کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایئر پورٹ فعال ہونے سے علاقے میں خوشحالی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، ایئر پورٹ کو مصروف ٹرانزٹ پوائنٹ بنانے سے متعلق قابل عمل حکمت عملی بنائی جائے۔
اجلاس میں نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کام کرنے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ ہے، ایئر پورٹ اے-380 ہوائی جہازوں کو ہینڈل کر سکتا ہے، ایئر پورٹ سے 40 لاکھ مسافر سالانہ سفر کر سکیں گے۔
دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف سے انسداد پولیو ٹیم نے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو محترمہ عائشہ رضا فاروق ، وفاقی سیکرٹری قومی صحت ندیم محبوب ،نیشنل کوآرڈینیٹر , نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر انوار الحق ، عالمی ادارہء صحت کے ڈپٹی نیشنل ٹیم لییڈ ڈاکٹر صوغائر اور سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے سینئر ایڈوائزر ڈاکٹر محمد صفدر شامل تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن بل گیٹس نے مجھے خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے پاکستان میں جاری انسداد پولیو مہم اور اس مہم کے لئے کام کرنے والے تمام انسداد پولیو ورکرز کی شبانہ روز محنت تعریف کی ہے ۔
بل گیٹس فاؤنڈیشن اور تمام ملکی و بین الاقوامی شراکت داروں کے مشکور ہیں جنکی حمایت اور تعاون کی بدولت پاکستان میں صحت کے شعبے میں اہم اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور پولیو کو پاکستان سے ختم کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کی جارہی ہیں ۔
صحت کے تمام شعبوں، بشمول انسداد پولیو، میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھایا جا رہا ہے تاکہ صحت عامہ اور دیکھ بھال کی نگرانی کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے اور بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران متعلقہ افراد کے پولیو سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے دوروں کا منظم روسٹر ترتیب دیا جائے تاکہ ان مہمات کو اور زیادہ نتیجہ خیز بنایا جا سکے ۔
بدقسمتی سے پاکستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، جس کے لئے اور زیادہ مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔
پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کو کسی طور پر انداز نہیں کیا جاسکتا، اور اس سلسلے میں تمام تر ممکنہ اقدامات لئے جائیں۔
اس موقع پر وزیر اعظم کو انسداد پولیو کی حالیہ مہم اور اسکے نتائج پر بریفنگ دی گئی ۔وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقامی افراد کی مدد سے انسداد پولیو تحریک کو کامیاب بنایا جا رہا ہے۔