محکمہ موسمیات نے پھر بارش کی نوید سنا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(روزینہ علی)محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدیدسردی اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، پنجاب ، خیبر پختو نخوا کے زیادہ ترمیدانی علا قوں اور بالائی سندھ میں درمیانی اورشدید دُھند چھائے رہنے کی توقع کی جارہی ہے،
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اورخشک جبکہ صبح کے اوقات میں شدید کوراپڑنے کا امکان ہے، صوبہ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے ،اسی طرح پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدیدسرد ی پڑنے کی توقع ہے جبکہ چترال، دیر، سوات، کو ہستان ، با جوڑ اور گردونواح میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کی توقع کی جارہی ہے۔ صبح کے اوقات میں صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ،بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور گردو نواح میں چند مقامات پرہلکی سے درمیانی دھند پڑنے کی توقع کی جارہی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع کی جارہی ہے۔مری، گلیات اور گردو نواح میں موسم شدید سرد اور صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کا امکان ہے،صبح کے اوقات میں سیالکوٹ، نارووال ،گوجرانوالہ، منگلا، جہلم ، راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ، قصور ،ا وکاڑہ، ساہیوال،سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، فیصل آباد،جھنگ،بھکر، لیہ ، ملتان،بہاولپور، بہا ولنگر،خانیوال، خانپور، رحیم یار خان ،ڈی جی خان اور گردونواح میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
بلوچستان صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا،کہیں کہیں بارش بھی ہوگی ،اسی طرح سند ھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے تاہم صبح اوررات کے اوقات میں سکھر ، شہید بینظیر آباد،شکارپور، کشمور، خیر پور، مو ہنجو دارو اور گردونواح میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع۔
لہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی13، گوپس میں منفی 10 ، اسکردو میں منفی09، گلگت میں منفی 07،استور، ہنزہ میں منفی06 ، کالام اورقلات میں منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔