خیبرپختونخوا حکومت کا مستحق لڑکیوں کی شادی کرانے کا اعلان
جہیز فنڈز سے صوبے کی 4 ہزار سے زائد مستحق لڑکیوں کی شادیاں کروائی جائیں گی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)خیبرپختونخوا حکومت نے شہریوں کی فلاح کیلئے ایک اور اہم قدم اٹھالیا،صوبہ بھر کی 4 ہزار مستحق لڑکیوں کو جہیز فنڈ سے 2 ،2 لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت محکمہ سوشل ویلفیئرکا اجلاس ہوا جس میں زکوٰۃ اور جہیز فنڈز کے استعمال کے علاوہ دیگر فلاحی اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈویژنل سطح پراجتماعی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جہیز فنڈز سے صوبے کی 4 ہزار سے زائد مستحق لڑکیوں کی شادیاں کروائی جائیں گی، شادیوں کی اجتماعی تقریبات صوبائی حکومت کے خرچے پر منعقد کی جائیں گی، شادی کرنے والی مستحق لڑکیوں کو 2، 2 لاکھ روپے نقد بھی دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ جہیز فنڈز کے تحت شادیوں میں اس بات کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائےکہ حق صرف حقدار کو ملے، صوبے میں غیر فعال پناہ گاہوں کو فوری طور پر فعال کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے معذور طلبہ کو وہیل چیئر دینےکا فیصلہ بھی کیا۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ پہلے مرحلے میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے معذور طلبہ کو وہیل چئیر دی جائیں گی۔ اجلاس میں سینئر سٹیزنز کے لیے اولڈ ایج ہوم قائم کرنےکا فیصلہ بھی ہوا۔ اولڈ ایج ہوم میں بزرگ شہریوں کے لیے رہائش کے علاوہ تفریح کا بھی انتظام کیا جائےگا۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ یتیم بچوں کے لیے یتیم کارڈ کا اجراء کیا جائےگا، یتیم کارڈ کے ذریعے اسکول کی سطح پربچوں کو 5 ہزار روپے ماہانہ دینےکی تجویز دی گئی۔
اجلاس میں عمر رسیدہ بیواؤں کے لیے راشن کارڈ کے اجراء کی تجویزپر بھی اتفاق ہوا۔ راشن کارڈ کے تحت عمر رسیدہ بیواؤں کو ماہانہ پانچ ہزار روپے دینےکی تجویز دی گئی۔