( 24نیوز) براڈ شیٹ معاملے کی تحقیقات کے لئے جسٹس (ر) عظمت سعید پر مشتمل ایک رکنی کمیشن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے ساتھ ٹی او آرز بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کےمطابق کمیشن براڈشیٹ اور آئی اے آر کےانتخاب، تقرری اورمعاہدوں کی چھان بین کرےگا جبکہ کمیشن براڈ شیٹ اور انٹرنیشنل ایسٹ ریکوری فرمز سے معاہدوں کی منسوخی کی وجوہات کی جانچ کرے گا۔کمیشن انکوائری ایکٹ 2017 کے تحت تشکیل دیا گیا جو 6 ہفتوں میں انکوائری مکمل کرے گا جبکہ کمیشن کو تحقیقات کے لئے افسروں اور ماہرین پرمشتمل کمیٹیاں بنانےکا اختیار ہوگا۔اس کے علاوہ کمیشن 2008 میں براڈ شیٹ کوپاکستان کی ادائیگیوں کی وجوہات اور اثرات کی نشاندہی بھی کرےگا۔کمیشن کے قیام کے نوٹیفکیشن کی کاپی اٹارنی جنرل، سیکرٹری ٹو صدر، سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر اور سیکرٹری قانون کو بھی کاپی ارسال کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن نے براڈ شیٹ کمیشن کے معاملے پر جسٹس (ر) عظمت سعید کو کمیشن کا سربراہ بنانے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔