(24 نیوز)مریم اورنگزیب کاکہناہے کہ مسلم لیگ (ن) شیخ عظمت سعید کی تقرری کو مسترد کرتی ہے، وہ غیرجانبدار نہیں رہے یہ ”ون مین کمیشن“ ہی بنانا ہے تو عمران صاحب، شہزاد اکبر اور کرائے کے ترجمان بھی اس میں شامل کرلیں؟ ۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے عظمت سعید کی بطورچیئرمین براڈشیٹ کمیشن کا نوٹیفکیشن جاری ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ نوٹیفکیشن میں جن برسوں کا ذکر ہے، ان میں عظمت سعید نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل تھے ،نوٹیفکیشن ثبوت ہے کہ حکومت براڈ شیٹ میں پکڑے جانے والے چوروں، کمیشن خوروں کو سزا دینے میں سنجیدہ نہیں، یہ اقدام آئین، قانون، شفافیت اور انصاف کا قتل ہے، کمیشن، شیئراور کٹ مانگنے والوں کو بچانے کی کوشش ہے ،عمران صاحب اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے براڈ شیٹ میں اپنے لئے این آر او لینے کی راہ ہموار کررہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ براڈ شیٹ کوجب کنٹریکٹ دیاگیا، قومی خزانے کو نقصان پہنچایاگیا تو شیخ عظمت سعید ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل نیب تھے جس مدت، فیصلے اور ملزم نیب کےخلاف تحقیقات ہونی ہے، شیخ عظمت سعید اس وقت اس کا حصہ تھے، غیرجانبدار کیسے ہوسکتے ہیں؟ سوال یہ ہے کہ حکومت شیخ عظمت سعید کو ہی لانے پر کیوں مصر ہے؟،انہوں نے کہاکہ توجہ اور مقصد تو غیرجانبدارانہ تحقیقات ہونا چاہئے؟ جس شخصیت پر سوالات ہیں، اسی کی تقرری پر حکومتی ضد اس کی بدنیتی کو ظاہر کرتی ہے ،نمائندہ وکلاتنظیمیں بھی اس تقرری کو مسترد کرچکی ہیں لیکن حکمرانوں کو قانون، قاعدے اور انصاف کے تقاضوں کی پرواہ نہیں ۔
ترجمان ن لیگ نے کہاکہ موجودہ صورت میں یہ محض عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش ہے جو ہمیں ہرگز قبول نہیں، قومی خزانہ لوٹنے والوں کا حساب نہ ہونا حکمرانوں کے لٹیرے ہونے کا ثبوت ہے عمران صاحب کو معلوم ہے کہ وہ غیرجانبدارانہ تحقیقات کا خطرہ مول نہیں لے سکتے کیونکہ ان کے پر جلتے ہیں۔
عظمت سعید کی تعیناتی ثبوت ہے حکومت براڈشیٹ تحقیقات میں سنجیدہ نہیں،مریم اورنگزیب
Jan 30, 2021 | 18:51:PM