بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم پہلے انڈر 19 ٹی 20ورلڈ کپ کی فاتح بن گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)بھارتی ویمنز ٹیم نے پہلے انڈر19 ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر اولین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے شہر پوشف اسٹروم میں کھیلے گئے پہلے ویمنز انڈر19 ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ۔
انگلینڈ کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات سے دوچار رہی اور بھارتی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے بے بس نظر آئی، پوری اننگز کے دوران انگلش بلے باز کوئی بھی چھکا نہ مار سکیں اور صرف چار بلے باز ڈبل فیگر میں داخل ہو سکیں۔
انگلینڈ کی پوری ٹیم 18ویں اوورز کی پہلی گیند پر صرف 68 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی ، ریانا میک ڈونلڈ 19 رنز بنا کرنمایاں رہیں، ،ایلکزا سٹون ہاؤس اور سوفیا اسمال نے 11، 11 جبکہ نیام ہولینڈ نے 10رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے تیتاس سادھو، ارچنا دیوی اور پرشاوی دیوی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں بھارتی ویمنز ٹیم بھی 20 رنز پر دو وکٹیں گنوا چکی تھی لیکن اس کے بعد سومیا تیواری اور گونگڑی تریشا نے 46 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچا دیا۔66 کے مجموعے پر تریشا 24 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں لیکن بھارت نے اس کے بعد بغیر کسی نقصان کے ہدف حاصل کر کے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ویمنز اندر19 ٹی20 ورلڈ کپ کا چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
چار اوورز میں 6رنز کےعوض میں 2 وکٹیں لینے والی تیتاس سادھو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا،ٹورنامنٹ میں 293 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 9 وکٹیں لینے والی انگلینڈ کی گریس سروینس کو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔