(24نیوز)لاہور ہائی کورٹ پنڈی بنچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے لال حویلی سے متعلق درخواست خارج کرتے ہوئےنمٹا دی۔
ایڈمنسٹریٹر وقف املاک نے فاضل عدالت کو بتایا کہ لال حویلی کو سیل نہیں کیا گیا اسے متصل پراپرٹی کو سیل کردیا گیا ہے،عدالت نے لال حویلی میں سیل کئے جانے والے 7 یونٹس کو ڈی سیل کرنے کی استدعا خارج کردی۔
عدالت نے متروکہ وقف املاک کو 15 دن میں معاملہ نمٹانے کی ہدایت کردی،عدالت نے متروکہ وقف املاک کو شیخ رشید کی دائر کردہ اپیل پر سماعت کیلئے 15 دن دیئے۔
واضح موقف پیش نہ کرنے پر عدالت نے ایڈمنسٹریٹر وقف املاک کی سرزنش کی۔
یاد رہے کہ سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمے کے اندراج کیلئے درخواست جمع کرا ئی گئی تھی۔
شہری کی درخواست پر پولیس نے شیخ رشید کو آج تھانے میں طلب کیا، درخواست میں کہا گیا کہ شیخ رشید نے اپنے انٹرویو میں آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرانے کی سازش کا الزام لگایا۔
شہری راجہ عنایت کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں مزید کہا گیا کہ شیخ رشید نے ایک سازش کے تحت آصف علی زرداری پر الزام لگایا ہے، سابق صدر اور ان کے خاندان کو مستقل خطرے میں ڈال دیا ہے، الزام کے ذریعے سازش کرنے پر شیخ رشید سمیت دیگر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔