اسٹیٹ بنک نے نئی کرنسی نوٹوں کیلئے روڈ میپ جاری کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اشرف خان) اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے تمام مالیتوں کے نئے کرنسی نوٹوں کی ڈیزائننگ پر کام شروع کردیا ہے، جس کے بعد انہیں جاری کیا جائے گا۔
دنیا بھر میں مرکزی بنکوں کی یہ روایت ہے کہ وہ ہر پندرہ سے بیس سال کے بعد کرنسی نوٹوں کی نئی سیریز متعارف کراتے ہیں، جس کا مقصد ان نوٹوں کی سالمیت کو محفوظ بنانا اور ان کے ڈیزائن اور سیکیورٹی خصوصیات کو تازہ ترین تکنیکی پیشرفت کے مطابق بنانا ہوتا ہے۔
نئے کرنسی نوٹوں کی سیریز کی ڈیزائننگ کے سلسلے میں ابتدائی اقدام کے طور پر، اسٹیٹ بینک جدید اور موضوعاتی ڈیزائن آئیڈیاز کے حصول کیلئے آرٹ کا ایک مقابلہ منعقد کررہا ہے۔
مقامی فنکار، ڈیزائنر اور آرٹ کے طلبہ 11 مارچ 2024ء تک اپنے ڈیزائن اسٹیٹ بینک کو بھیج سکتے ہیں۔ بینک نوٹوں کی موجودہ مالیتیں سات عدد ہیں اور ہر مالیت کیلئے سرِفہرست تین ڈیزائنوں کو منتخب کرکے انہیں نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔ آرٹ کے مقابلے کے بارے میں مکمل معلومات اس لنک پر حاصل کی جاسکتی ہیں۔
#SBP launches an Art Competition for new banknote designs. Artists, designers and art students can send their designs to SBP by Mar 11, 2024.
— SBP (@StateBank_Pak) January 30, 2024
For details: https://t.co/IA6c1h6py4#ArtCompetition #SBPBanknotes pic.twitter.com/OD6XPcdFVj
آرٹ کے مقابلے کے نتیجے میں ڈیزائن سے متعلق سامنے آنے والے خیالات اور تصورات کا اگلا مرحلہ یہ ہوگا کہ وہ ایک اور مقابلے کے ذریعے منتخب کیے جانے والے معروف پروفیشنل بینک نوٹ ڈیزائنرز کے حوالے کیے جائیں گے جو ہر مالیت کے نوٹ کیلئے طباعت کے قابل اور حتمی ڈیزائن تیار کریں گے۔
حتمی ڈیزائن منظوری کیلئے وفاقی حکومت کو پیش کیے جائیں گے۔ نئے بنک نوٹ سیریز جاری کرنے میں کئی مراحل ہوتے ہیں اس لیے اس میں بے حد محتاط منصوبہ بندی اور متعدد اسٹیک ہولڈرز کے درمیان رابطہ کاری کی ضرورت ہوتی ہے۔
نئی بنک نوٹ سیریز کے اجراء میں عموماً دو سے تین سال لگتے ہیں تاہم اسٹیٹ بنک اس عمل کو اگلے دو سال کے دوران پورا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
موجودہ کرنسی نوٹ نئی سیریز کے اجراء کے بعد بھی گردش میں رہیں گے۔ جب نئے نوٹ جاری ہو چکے ہوں گے اور کافی تعداد میں گردش میں آ جائیں گے تب موجودہ نوٹوں کو گردش سے نکالنے کا فیصلہ بتدریج اور مرحلہ وار کیا جائے گا۔