امریکی مسافر طیارہ فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرا کر دریا میں گرگیا

مسافر طیارے سے ٹکرانےوالے فوجی ہیلی کاپٹر میں 3 اہلکار سوار تھے، امریکی حکام

Jan 30, 2025 | 10:02:AM

(24نیوز)واشنگٹن ائیرپورٹ کے قریب مسافر طیارہ اور فوجی ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ائیرلائن کی پرواز کینساس کے شہر وکیٹا سے واشنگٹن پہنچی تھی جہاں طیارے کو دریائے پوٹومیک کے اوپر رن وے کے قریب حادثہ پیش آیا۔

فلائٹ ریڈار کے مطابق طیارے کو حادثہ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجکر 48 منٹ پر پیش آیا،اس وقت طیارے کی رفتار 166 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔

رپورٹس کے مطابق بمبارڈیئر CRJ700 طیارے میں 78 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرانے کے بعد مسافر طیارہ پوٹومیک دریا میں گرگیا۔

امریکی حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 64 مسافر سوار تھے،حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، امریکی فوجی حکام کے مطابق مسافر طیارے سے ٹکرانےوالے فوجی ہیلی کاپٹر میں 3 اہلکار سوار تھے۔

امریکی میڈیا کے مطابق مسافر طیارے سے ٹکرانے والا بلیک ہاک فوجی ہیلی کاپٹرتربیتی پرواز پر تھا،حادثے کے بعد ریگن نیشنل ائیرپورٹ پرتمام پروازیں معطل کردی گئیں جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی فضائی حادثے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی امریکی خاتون جج کے فیصلے پر ٹرمپ کا صدارتی حکمنامہ منسوخ

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ فضائی حادثےسے متعلق پوری طرح سے آگاہ کیا گیا ہے، صورتحال کی نگرانی کر رہا ہوں، جیسے ہی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی فراہم کی جائیں گی۔

مزیدخبریں