(ویب ڈیسک) کبھی کبھار پیٹ میں درد کسی خاص بیماری کی علامت ہو سکتی ہے، لیکن اگر آپ صحت مند ہیں اور کوئی سنگین مسئلہ نہیں ہے، پھر بھی اگر آپ کو اکثر پیٹ میں درد کا سامنا ہو، تو اس کی سب سے بڑی وجہ آپ کا بے قاعدہ لائف اسٹائل ہو سکتا ہے۔
اس طرح کے پیٹ کے درد سے نجات حاصل کرنے کے لیے کچھ آسان گھریلو ٹوٹکے موجود ہیں، جن کی مدد سے آپ اس مسئلے سے آرام پا سکتے ہیں اور اپنے معدے کی فعالیت کو بہتر بنا سکتے ہیں ، گھریلو علاج جو پیٹ کے درد میں آرام کے لیے آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔
ادرک
ادرک معدے کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔ اس میں اینٹی سوزش خصوصیات ہیں جو پیٹ کے اندر کی سوزش کو کم کرنے میں مدد کرتی ہیں۔
ویسٹن آؤٹ پیشنٹ سرجیکل سینٹر کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر آپ کے پیٹ میں درد ہے تو آپ ادرک کا چھوٹا ٹکڑا چھیل کر چبا سکتے ہیں یا ادرک کی چائے بنا کر پی سکتے ہیں۔ اس سے آپ کے معدے کو آرام ملے گا اور گیس اور تیزابیت جیسے مسائل سے بھی نجات ملے گی۔
ہلدی ملا پانی
ہلدی کا پانی پیٹ کے درد سے نجات کے لیے ایک مؤثر اور قدرتی علاج ثابت ہو سکتا ہے ، بی ایم جے ایویڈنس بیسڈ میڈیسن کی ایک رپورٹ کے مطابق، ہلدی میں قدرتی اینٹی انفلیمیٹری خصوصیات پائی جاتی ہیں جو پیٹ کی سوزش کو کم کرنے اور دیگر معدے کے مسائل کو دور کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
آپ آدھا چمچ ہلدی ایک گلاس گرم پانی میں ملا کر پی سکتے ہیں، یہ آسان گھریلو علاج پیٹ کے درد کو فوری طور پر آرام پہنچانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
پودینہ
پودینہ پیٹ کے درد میں بھی کافی آرام دیتا ہے، نیشنل سینٹر فار کمپلیمنٹری اینڈ انٹیگریٹیو ہیلتھ کی رپورٹ کے مطابق پودینہ میں مینتھول ہوتا ہے، جو پیٹ کے پٹھوں کو آرام دینے میں مدد کرتا ہے اور گیس یا بدہضمی جیسے مسائل کو کم کرتا ہے۔
آپ پودینے کی چائے بنا کر پی سکتے ہیں یا پودینے کا رس شہد میں ملا کر بھی پیا جاسکتا ہے، یہ پیٹ کے درد اور تیزابیت دونوں سے آرام فراہم کرتا ہے۔
ہینگ کھائیں
نیوٹریشن تھراپسٹس کے مطابق، ہینگ پیٹ کے درد کا ایک اور موثر گھریلو علاج ہے، یہ بیکٹیریا سے لڑنے کی طاقت رکھتا ہے، کئی بار جب بیکٹیریاکھانے کے ذریعے ہمارے پیٹ میں داخل ہوتے ہیں تو اس سے بھی پیٹ میں درد ہوتا ہے۔
ہینگ میں اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی سوزش خصوصیات ہیں جو پیٹ میں سوزش اور گیس کو کم کرتی ہیں، اگر آپ کے پیٹ میں درد اور سوجن ہے تو آپ ایک گلاس پانی میں چٹکی بھر ہینگ ڈال کر پی سکتے ہیں۔ آپ اسے تازہ دہی میں شامل کر کے کھا سکتے ہیں، ایسا کرنے سے معدہ میں ٹھنڈک ہوگیاور درد سے بھی آرام ملے گا۔
زیرہ اور اجوائن کا پانی
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ زیرہ اور اجوائن دونوں معدے کے لیے بہت اچھے ہیں ، ان دونوں میں پیٹ کی گیس کو کم کرنے اور ہاضمہ بہتر کرنے کی خصوصیات ہیں، زیرہ اور اجوائن کو پانی میں کچھ دیر ابال کر اس پانی کو دن میں دو تین بار پینے سے پیٹ کے درد میں آرام آتا ہے ، زیرہ اور اجوائن ہمارے ہاضمے کو بھی بہتر بناتے ہیں۔
لیموں اور شہد کا پانی
لیموں اور شہد کا پانی پیٹ کے مسائل سے نجات کے لیے ایک مؤثر گھریلو علاج ثابت ہو سکتا ہے ، لیموں میں موجود وٹامن سی ہاضمے کو بہتر بناتا ہے، جبکہ شہد میں قدرتی اینٹی بیکٹیریل خصوصیات پائی جاتی ہیں، جو معدے میں موجود بیکٹیریا کو ختم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق، شہد معدے کے درد اور بدہضمی جیسے مسائل کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے ، ایک گلاس نیم گرم پانی میں آدھا لیموں کا رس اور ایک چمچ شہد ملا کر صبح نہار منہ پینے سے آپ کو پیٹ کی مختلف پریشانیوں سے آرام مل سکتا ہے۔
کیلا اور دہی
کیلا اور دہی ایک ایسا قدرتی امتزاج ہے جو پیٹ میں ٹھنڈک پہنچاکر نظام ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے ، اگر آپ کا معدہ خراب ہے، تو کیلا اور دہی کا استعمال آپ کے پیٹ کو آرام دے سکتا ہے، دہی میں موجود پروبائیوٹکس نہ صرف ہاضمہ کی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ یہ معدے کی تکالیف میں بھی کمی لاتے ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق، دہی نہ صرف پیٹ کے درد میں فائدہ مند ہے بلکہ یہ آپ کے مدافعاتی نظام کو بھی مضبوط کرتا ہے، جس سے جسم نقصان دہ بیکٹیریا سے لڑنے کی صلاحیت پیدا کرتا ہے۔
اپنے پیٹ کو آرام اور وقفہ دیں
پیٹ میں درد کی ایک اور وجہ ضرورت سے زیادہ کھانا یا بہت جلدی کھانا بھی ہو سکتا ہے، اس صورت میں، بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنے پیٹ کو مکمل آرام دیں۔
لیٹ کر اپنے پیٹ کو آرام پہنچانے سے پٹھوں میں سکون آتا ہے اور درد میں کمی آتی ہے، آپ پیٹھ کے بل لیٹ کر اپنے پیٹ پر ہلکا دباؤ بھی ڈال سکتے ہیں، جس سے بدہضمی، گیس اور سوجن میں راحت مل سکتی ہے۔
ذہن میں رکھنے کے لئے کچھ اور نکات
نیوٹریشن تھراپسٹس نے پیٹ کے درد سے بچاؤ کے لئے چند اہم مشورے دیے ہیں جو آپ کی روزمرہ کی عادات میں شامل کیے جا سکتے ہیں
کھانا آہستہ آہستہ اور چبا کرکھائیں
پیٹ کے مسائل سے بچنے کے لیے کھانا آہستہ اور اچھی طرح چبا کر کھانا ضروری ہے, یہ عمل معدے پر دباؤ کو کم کرتا ہے اور ہاضمے کو بہتر بناتا ہے۔ اس طرح آپ کے پیٹ کو اضافی بوجھ نہیں پڑتا اور کھانا آسانی سے ہضم ہو جاتا ہے۔
تلی ہوئی اور مسالہ دار کھانوں سے دور رہیں
اگر آپ پیٹ کی پریشانیوں اور بیماریوں سے بچنا چاہتے ہیں تو تلی ہوئی اور زیادہ مسالہ دار کھانوں سے اجتناب کریں، اس قسم کے کھانے پیٹ کی تکالیف جیسے سوزش، درد اور بدہضمی کو بڑھا سکتے ہیں۔ اس کے بجائے ہلکی اور سادہ غذا کھائیں تاکہ پیٹ کو آرام ملے اور ہاضمے کے مسائل سے بچا جا سکے۔
زیادہ پانی پئیں
پانی معدے کی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے، خصوصاً ہاضمے کے عمل کے لیے ، پیٹ کی تکالیف جیسے تیزابیت، قبض اور درد سے بچنے کے لئے دن بھر میں کم از کم 4سے 5 لیٹر پانی پینا ضروری ہے۔ یہ آپ کے ہاضمے کو بہتر بناتا ہے اور جسم کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے۔