چیمپئینز ٹرافی : قومی ٹیم کا اعلان آج متوقع
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پاکستان میں 19 فروری سے کھیلی جانےوالی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور سہ فریقی ٹورنامنٹ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان آج کیے جانےکا امکان ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہو رہی ہے تاہم سوائے میزبان کے تمام بورڈ اپنے سکواڈز کا اعلان کر چکے ہیں،آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک کھیلی جانی ہے۔ پاکستان اس میگا ایونٹ کا میزبان اور دفاعی چیمپئن ہے۔ ٹورنامنٹ میں شریک دیگر سات ٹیموں کے بورڈ اپنے اپنے 15 رکنی اسکواڈز کا اعلان کر چکے ہیں اور پاکستانی شائقین سمیت دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو پاکستانی سکواڈ کے اعلان کا انتظار ہے۔
اب اہم خبر یہ ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی چیمپئنز ٹرافی اور اس سے قبل تین ملکی ون ڈے ٹورنامنٹ کے لیے گرین شرٹس کے سکواڈ کا اعلان آج کر سکتی ہے،ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹیم میں فخر زمان کی واپسی یقینی ہے، تاہم اوپنر امام الحق سکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے،فخر کے ساتھ دوسرے اوپنر کے طور پر عثمان خان کو شامل کیا جائے گا جب کہ بی پی ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے قومی آل راؤنڈر خوشدل خان بھی 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
مزید پڑھیں:آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ جاری،پاکستان کے نعمان علی ٹاپ 5 میں پہنچ گئے
چیمپئنز ٹرافی اور تین ملکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کا ممکنہ سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔
محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، کامران غلام، طیب طاہر، عامر جمال، ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور محمد حسنین شامل ہونگے۔
قومی سلیکشن کمیٹی کو سکواڈ کے اعلان کے لیے لندن میں زیر علاج نوجوان اوپنر صائم ایوب کی میڈیکل رپورٹس کا انتظار تھا، تاہم اب ذرائع یہ قوی امکان ظاہر کر رہے ہیں کہ صائم چیمپئنز ٹرافی نہیں کھیل سکیں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کی ڈیڈ لائن کے مطابق ہر بورڈ نے اپنی ٹیم کا 11 فروری رات 12 بجے سے قبل اپنے حتمی سکواڈ کا اعلان کرنا ہے، اس کے بعد سکواڈ میں کسی بھی تبدیلی کیلئے بورڈز کو آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی سے اجازت درکار ہوگی۔