امریکی خاتون نے کراچی میں محبوب کے گھرکے باہر ڈیرہ جمالیا
پولیس کی جانب سے کمرے کی پیشکش بھی ٹھکرا دی،خواتین پولیس اہلکارحفاظت پر تعینات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اسامہ ملک)پاکستانی نوجوان کی محبت میں کراچی آنےوالی امریکی خاتون بلڈنگ انتظامیہ کیلئے زحمت بن گئی،خاتون کہیں جانے کو تیار نہیں اور رات بھی عمارت کی پارکنگ میں گزاری۔
خاتون اونیجا اینڈریو کی حفاظت پر خواتین پولیس اہلکار تعینات ہیں،امریکی خاتون نے پولیس کی جانب سے کمرے کی پیشکش بھی ٹھکرا دی اوروہ گارڈن میں واقع اپارٹمنٹ کی پارکنگ میں تاحال موجود ہے۔
کراچی پولیس نے خاتون کی سکیورٹی کیلئے 2 خواتین اہلکار تعینات کردیں،پولیس افسران خاتون سے پھر بات کرینگے اور سمجھانے کی کوشش کرینگے،اپارٹمنٹ کا مرکزی دروازہ بندہے اور کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی،اپارٹمنٹ کے اندر صرف رہائشی افراد کو جانے کی اجازت ہے۔
اونیجا کاکہناہے کہ میں پیسوں کے لیے شادی نہیں کرتی،پیسہ کچھ نہیں ہے،میرے پاس پیسہ ہے،یہاں سب کے پاس پیسہ ہے, میں پہلے ہی شادی شدہ ہوں،ابھی تک ہمارے بچے نہیں ہیں،ہم نے یوٹاہ میں آن لائن شادی کی۔
امریکی خاتون کے معاملے پر ترجمان دفترخارجہ کابھی ردعمل آگیاہے،ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہاہے کہ ہمارے اپنے قوانین ہیں، خاتون کے حوالے سے مقامی قوانین کے مطابق کارروائی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک کسی کے پاس قانونی طور پر ملک کا ویزہ موجود ہے تو کسی کو بھی واپس نہیں بھیجا جاسکتا، اس حوالے سے حکومت سندھ قانون کے مطابق کارروائی کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ نیویارک سے کراچی کے نوجوان سے شادی کے لیے پاکستان آنے والی خاتون گزشتہ چند روز سے میڈیا کی شہ سرخیوں میں ہے،رپورٹ کے مطابق کراچی کے 19 سالہ نوجوان اور امریکی خاتون کا رابطہ سوشل میڈیا پر ہوا تھا، دونوں کی دوستی جلد محبت میں بدل گئی اور ساتھ جینے مرنے کے وعدے ہونے لگے،جب خاتون کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ کے رہائشی نوجوان کے گھر پہنچی تولڑکے نے کہاکہ شادی کے لیے میرے والدین راضی نہیں ہیں۔