فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کی طرز پر تمام شعبوں میں خودکار نظام قائم کئے جائینگے:وزیراعظم

Jan 30, 2025 | 19:26:PM
فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کی طرز پر تمام شعبوں میں خودکار نظام قائم کئے جائینگے:وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ کراچی میں قائم ہونے والے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کی طرز پر تمام شعبوں میں عنقریب خودکار نظام قائم کئے جائیں گے، سروس ڈلیوری کے عمل میں شفافیت لانا حکومت پاکستان کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے، ہم برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے خواہاں ہیں اور برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات لیے جا رہے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین شبیر دیوان کی قیادت میں پاکستان بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی،وفد نے وزیراعظم کو ملک کے حالیہ معاشی استحکام پر خراج تحسین پیش کیا،وفد نے شرح سود کا بتدریج کمی کے بعد 12 فیصد پر آنا ملک میں کاروبار کیلئے انتہائی خوش آئند قرار دیا،وفد نے کراچی میں حالیہ طور پر قائم ہونے والے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کو کامیاب قرار دیا۔

وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے مقامی طور پر تیار کردہ خام مال اور دیگر اشیاء کو عالمی معیار کے مطابق لایا جائے، تمام شعبوں میں آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کا تعارف معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے، ملکی ترقی اور معاشی استحکام حکومت اور کاروباری برادری کے مابین تعاون پر منحصر ہے،محصولات میں اضافہ اور ٹیکس بیس کی توسیع ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وفد نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم سے کاروباری برادری کے لیے آسانیاں پیدا ہوئی ہیں اور کلیئرنس کے نظام میں شفافیت آئی ہے،وفد نے ڈیجیٹائزیشن اور دیگر اصلاحات کے بعد ایف بی آر کی کارکردگی میں واضح بہتری کو خوش آئند قرار دیا۔ 

اجلاس میں وفاقی وزراء جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، مصدق مسعود ملک، وزیر مملکت علی پرویز ملک اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں:یکم شعبان المعظم کب ہو گی؟رویت ہلال کمیٹی نے بڑا اعلان کردیا