کانگو میں پھنسے 75پاکستانی رونڈا منتقل،مزید شہریوں سے رابطے میں ہے،ترجمان دفتر خارجہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(انور عباس) ترجمان دفتر خارجہ شفقت خان نے کہا ہے کہ ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو (ڈی آر سی) میں جاری تنازع میں اضافہ کے بعد وہاں پھنسے 75 پاکستانیوں کو روانڈا منتقل کردیا گیا جبکہ ہائی کمیشن کا عملہ مزید شہریوں سے رابطے میں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق روانڈا کے حکام نے گوما میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو اپنے ملک میں داخلے کی اجازت دے دی،150 کے قریب پاکستانی گوما شہر میں پھنسے ہوئے تھے ،اب تک 75 کے قریب پاکستانی روانڈا منتقل ہو چکے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن کیگالی نے متاثرہ پاکستانیوں کے لیے رہائش اور کھانے کا انتظام کیا ہے،ہائی کمیشن پاکستانی کمیونٹی سے بھی رابطہ کر رہا ہے تاکہ شہریوں کی شناخت اور ان تک پہنچ سکے، آنے والے دنوں میں مزید پاکستانیوں کے روانڈا جانے کا امکان ہے،ہائی کمیشن کا عملہ مدد کی درخواست کرنے والے ہر شہری سے رابطے میں ہے،ہائی کمیشن سرحدی شہر بکاؤو میں پاکستانیوں تک بھی پہنچ رہا ہے،کوئی بھی متاثرہ پاکستانی 923335328517 ( پرویز بھٹی، ہیڈ آف چانسری واٹس ایپ )دیے گئے نمبر پر ہائی کمیشن سے رابطہ کر سکتا ہے ۔
کانگو میں جاری تنازعات:
جمہوریہ کانگو کے صدر نے روانڈا کے حمایت یافتہ جنگجوؤں کے خلاف بھرپور فوجی کارروائی کا اعادہ کیا ہے جو خطے کے اہم مقامات پر قبضہ کرنے کے بعد معدنیات سے مالا مال مشرقی علاقے میں مزید پیش قدمی کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے اداروں نے خبردار کیا ہے کہ جمہوریہ کانگو (ڈی آر سی) کے مشرقی شہر گوما میں باغیوں اور سرکاری فوج کے مابین لڑائی کے باعث حالات تیزی سے بگڑ رہے ہیں۔
شمالی کیوو صوبے کے دارالحکومت گوما کے زیادہ تر حصے پر ایم 23 باغیوں کا قبضہ ہے اور یہ باغیوں اور سرکاری فوج کے درمیان لڑائی کا مرکز بھی ہے تاہم دہائیوں سے جاری اس جنگ میں ڈرامائی اضافہ ہوا ہے اور باغیوں نے مشرقی کانگو کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا ہے،مشرقی کانگو میں گزشتہ 3 دہائیوں سے اندرونی اور سرحد پار کشیدگی کا سلسلہ جاری ہے جس کا جزوی طور پر تعلق 1994 میں روانڈا کی نسل کشی سے ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی خاتون نے لڑکے سے شادی سے متعلق بڑا دعویٰ کر دیا