(ویب رپورٹ)سٹیج شو سے اپنے کیریئر کا آغاز کر کے کامیابی کی بلندیوں تک پہنچنے والے بھارتی فلموں کے مشہور گلوکار سونو نگم اپنے نغموں سے آج بھی سامعین کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔ آج سونونگم کی48ویں سالگرہ ہے۔انہیں گلوکار بننے کیلئے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔
ایک بھارتی اردو اخبار کی ویب رپورٹ کے مطابق گلوکار، میوزک ڈائریکٹر اور اداکار سونو نگم کی پیدائش ہریانہ کے فرید آباد شہر میں 30 جولائی 1973 کو ہوئی۔بچپن سے ہی سونو نگم کا رجحان موسیقی کی جانب تھا اور وہ بھی اپنے والدین کی طرح گلوکار بننا چاہتے تھے۔اس سمت میں آغاز کرتے ہوئے انہوں اپنے والد کے ساتھ محض تین سال کی عمر سے سٹیج پروگراموں میں حصہ لینا شروع کر دیا۔سونو نگم 19 سال کی عمر میں گلوکار بننے کا خواب لے کر اپنے والد کے ساتھ ممبئی آ گئے۔یہاں انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔زندگی گزارنے کے لئے وہ سٹیج پر محمد رفیع کے گائے ہوئے گانوں کے پروگرام پیش کیا کرتے تھے۔اسی دوران مشہور میوزک کمپنی ٹی سیریز ان کی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے ان کے گائے گانوں کا البم رفیع کی یادیں نکالا۔ انکی اس البم کو عوام میں خوب پذیرائی ملی اور اس طرح ان کا نام عوام میں مقبول ہوا۔ سونو نگم نے بھارت کی متعدد زبانوں میں گانے گائے ہیں ، وہ انڈین فلموں میں اداکاری بھی کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سشمتا سین کا15سال چھوٹے مداح سے رومانس، اداکارہ نے سب کچھ بتا دیا