(ویب ڈیسک)سی ڈی سی کی لیک دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ ڈیلٹا ویرینٹ سے متاثر ہر مریض اوسطاً 8 سے 9 افراد کو متاثر کرتا ہے اور یہ اس قدر تیزی سے پھیلتا ہے کہ جیسے چکن پاکس پھیلتا ہے۔
امریکا کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) کی لیک ہونے والی دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ بھارت سے سامنے آنے والی کورونا وائرس کی خطرناک قسم ڈیلٹا چکن پاکس کی طرح تیزی سے پھیلتی ہے اور اس سے ویکسی نیشن کروانے والے افراد بھی متاثر ہوتے ہیں۔امریکی ادارے کی سلائیڈ کی شکل میں لیک دستاویزات میں اس بات کو بھی تسلیم کیا گیا ہے کہ وائرس کے خلاف جنگ کی نوعیت تبدیل ہو چکی ہے اور اس سے مقابلے کے لیے ویکسین لگوانے کے ساتھ ماسک پہننا بھی ضروری ہے۔
دستاویزات کے ذریعے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ڈیلٹا ویرینٹ کورونا ویکسی نیشن کروانے والے افراد میں بھی اس قدر تیزی سے پھیلتا ہے جتنا تیزی سے ویکسی نیشن نا کروانے والے افراد میں پھیلتا ہے۔تاہم لیک دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ ویکسی نیشن کروانے والے افراد موت اور شدید نوعیت کی بیماریوں سے 10 گنا زیادہ محفوظ رہتے ہیں اور ان میں انفیکشن سے متاثر ہونے کے امکانات بھی تین فیصد کم ہو جاتے ہیں۔
لیک ڈیٹا میں کہا گیا ہے کہ ویکسینز شدید نوعیت کی بیماریوں سے تو 90 فیصد تک محفوظ رکھتی ہیں لیکن شاید یہ انفیکشنز اور ان کی منتقلی سے کم بچاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خوشخبری!!خیبر پختون خوا میں تیل و گیس کے ذخائر دریافت