دوسروں سے منی ٹریل مانگنے والا خود دینے سے کیوں گھبرارہا ہے؟ احسن اقبال

Jul 30, 2022 | 22:11:PM

(24 نیوز)وفاقی وزیر اور ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دوسروں سے منی ٹریل مانگنے والا خود فراہم کرنے سے کیوں گھبراتا ہے؟۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نیا پاکستان اور انقلاب کے نام پر بیرون ملک پاکستانیوں سے پیسے ہتھیائے گئے، معیشت کو مستحکم کرکے الیکشن کی طرف جائیں گے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے عمران خان اور تحریک انصاف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کی سیاست میں انتشار پیدا کیا، پاکستان کی سیاست ہائی جیک کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ ہر جگہ ثبوت پیش کئے گئے عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کی، نیا پاکستان اور انقلاب کے نام پر بیرون ملک پاکستانیوں سے پیسے ہتھیائے گئے، خفیہ طور پر پی ٹی آئی کی جانب سے اکاؤنٹس آپریٹ ہوتے تھے۔
احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دوسروں سے منی ٹریل مانگنے والا خود فراہم کرنے سے کیوں گھبراتا ہے؟، عمران خان مسلسل جھوٹ، انا پرستی اور نااہلی کی سیاست کررہے ہیں۔ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ہم نے مشکل وقت میں سخت فیصلے کئے، ملک کو سری لنکا بننے سے بچایا، ہم نے معیشت کو اٹھا کر کھڑا کیا، معیشت کو مستحکم کرکے الیکشن کی طرف جائیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت ملک سے محبت کرنے والی حکومت ہے، موجودہ حکومت پاکستان کے مفاد سے نہیں کھیل سکتی، آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد روپے کی قدر بحال ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ بلیک میلنگ کے مترادف ہے، سلیم مانڈوی والا

مزیدخبریں