(آئمہ خان، کومل اسلم )محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ آج خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد،بالائی/وسطی پنجاب، جنوب مشرقی سندھ اور بلو چستان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کشمیر، شمال مشرقی پنجاب،خطہ پوٹھوہار، شما ل مشرقی/جنوبی بلو چستان اور خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ موسلا دھار بارش سے کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، با لائی خیبر پختو نخوا، کو ہ سلیما ن اور ملحقہ شمال مشر قی/جنوبی بلو چستان کے پہا ڑی علا قوں کے مقامی / بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث شمال مشرقی/جنوبی پنجاب، پشاور، کراچی اورزیریں سندھ کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا بھی اندیشہ ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں گزشتہ روز سے بادلوں نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں کل بھی موسلادھار بارش ہوئی اور آج بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، حافظ آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، قصور، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، ملتان، خانیوال، کوٹ ادو، تو نسہ، راجن پور اور رحیم یار خان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران شمال مشرقی / وسطی اضلاع میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:زلزلے کے شدید جھٹکے لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے نکل آئے
چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، صوابی، نوشہرہ، پشاور، مہمند، کو ہاٹ، خیبر،کرم، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، کو ہلو، لورالائی، سبی، ہرنائی، زیارت، کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی، جعفرآباد، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، کیچ، تربت اور پنجگور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔جبکہ شمال مشرقی/ جنوبی اضلاع میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، میرپور خاص، مٹھی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، کراچی، جامشورو، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، سکھر، خیر پور، کشمور، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں آندھی/جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بیسٹ ٹیچر کا ایوار حاصل کرنے والی اساتذہ کا بچوں کو سزا دینا کا انوکھا طریقہ والدین احتجاج کرنے سکول پہنچ گئے
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا ،ہوائیں بند ہو نے سے حبس میں اضافہ ہوگا، موجودہ درجہ حرارت 31ڈگری ،زیادہ سے زیادہ 34ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران شہر میں گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے ،ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر میں فضائی آلودگی کی شرح 112 ریکارڈ کی گئی جس کے بعدلاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 7ویں نمبر پر آ گیا۔
کراچی میں آج بھی بادل برسنے کو تیار ، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے،جبکہ اس وقت مطلع ابر آلود ،موسم مرطوب ہے،موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری اور 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے جبکہ مغربی سمت سے 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی نویں نمبر پر آگیا جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی پانچویں نمبر پرآ گیا۔