جماعت اسلامی کے پنڈی دھرنے کا پانچواں روز،آج سے ملک بھر میں دھرنے شروع کرنے کا اعلان

پہلے مرحلے میں کراچی پھر لاہور اور ملتان میں دھرنا دیں گے،حکومت کو 2 روز کا وقت دے رہے ہیں، مطالبات منوا کر ہی جائیں گے،حافظ نعیم الرحمان

Jul 30, 2024 | 10:50:AM
جماعت اسلامی کے پنڈی دھرنے کا پانچواں روز،آج سے ملک بھر میں دھرنے شروع کرنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں کیخلاف جماعت اسلامی دھرنے کا پانچواں روز،جماعت اسلامی کی قیادت اور حکومت کے درمیان آج پھر مذاکرات کا امکان،جماعت اسلامی نے مذاکرات میں 10نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا، جماعت اسلامی کا کہناہے کہ مطالبات کی منظوری میں تاخیر ہوئی تو نقصان کی ذمہ دار حکومت ہو گی،امیر جماعت اسلامی نے آج سے ملک بھر میں دھرنے شروع کرنے کا اعلان کردیا ۔

راولپنڈی میں دھرنا مظاہرین سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گورنر ہاؤس کراچی کے باہر دھرنا شروع ہو رہا ہے، پہلے مرحلے میں کراچی پھر لاہور اور ملتان میں دھرنا دیں گے،امیر جماعت اسلامی نے بجلی کی قیمت کم کرنے، آئی پی پیز کا آڈٹ کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو 2 روز کا وقت دے رہے ہیں، مطالبات منوا کر ہی جائیں گے، 3 اگست کو فلسطین اور 5 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان کل مذاکرات کا دوسرا دور نہ ہو سکا، جماعت اسلامی نے اپنے 10 مطالبات حکومتی کمیٹی کے سامنے رکھے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کاروباری افراد کیلئے حالات بہت مشکل ہوگئے ہیں،ہمارا دھرنا عوام کو ریلیف دلانے کیلئے ہے،کھانے پینے کی اشیاپر بھی 18 فیصد ٹیکس لگادیاگیاہے۔

ضرورپڑھیں:دھرنا،10مطالبات کی منظوری،جماعت اسلامی اپنے موقف پر ڈٹ گئی

واضح رہے مہنگائی اور آئی پی پیز کے معاہدوں کے خلاف جماعت اسلامی کا راولپنڈی میں دھرنا جاری ہے۔جماعت اسلامی نے حکومت کے سامنے 10 مطالبات رکھے ہیں ، جماعت اسلامی کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ 500 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو 50 فیصد رعایت دی جائے، پیٹرولیم لیوی ختم، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لیا جائے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 20 فیصد کمی کی جائے،اسٹیشنری آئٹمز پر لگائے گئے ٹیکس فوری ختم کیے جائیں۔

حکومتی اخراجات کم کر کے غیر ترقیاتی اخراجات پر 35 فیصد کٹ لگایا جائے، کیپیسٹی چارجز اور آئی پی پیز کو ڈالروں میں ادائیگی کا معاہدہ ختم کیا جائے۔ آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے تمام معاہدوں کا از سرنو جائزہ لیا جائے۔جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ زراعت اور صنعت پر ناجائز ٹیکس ختم اور 50 فیصد بوجھ کم کیا جائے۔ صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کو یقینی بنایا جائے تاکہ نوجوانوں کو روزگار ملے۔تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس ختم کیے جائیں، مراعات یافتہ طبقے کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے