حکومت نے خرچے کم اور ٹیکسز کے ذریعے آمدن بڑھا دی ہے: وزیر پٹرولیم

Jul 30, 2024 | 18:24:PM

(اویس کیانی) وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ اس وقت سرکار کی آمدن اور خرچ تقریباً برابر ہیں، ہم نے اپنے خرچے کم کر دئیے ہیں اور ٹیکسز کے ذریعے آمدن بڑھا دی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی نوک جھوک رہتی تو اچھا تھا یہاں نفرتیں ہیں، کسی بھی ملک کو زندہ رہنے کیلئے ایک امید کی ضرورت ہوتی ہے، آپ غریبی میں اندھیرے میں رہ سکتے ہیں نا امیدی میں نہیں، ہم نے اپنے بچوں کو نا امید نہیں کرنا، وزیر اعظم کے ذہن میں صرف 3 چیزیں ہیں، پہلی چیز نوجوانوں کو کاروبار دینا ہے، لوگوں کو روزگار ملے اور مہنگائی کا خاتمہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف غربت کا خاتمہ چاہتے ہیں، روزگار ترقی کی شرح ہے، ملک میں ترقی ہوگی تو روزگار بڑھیں گے، گزشتہ سال ہماری ترقی کی شرح صفر تک ہو چکی تھی، اب ہماری ترقی کی شرح 2.4 فیصد تک ہو چکی ہے، ہماری زراعت کے شعبے میں 19 سال بعد 6.3 فیصد ترقی کی شرح رہی، ہماری صنعت کی ترقی تیسرے کوارٹر میں 3 فیصد سے اوپر رہی، پہلی دفعہ ٹریکٹرز کی سیل میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، پہلا ہمارا رخ پالیسی کا یہی ترقی کا سفر تھا۔

مہنگائی پر بات کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ گزشتہ سال مہنگائی کی شرح 38 فیصد تھی، مہنگائی کی وہ شرح کم ہو کر 12 فیصد پر آگئی ہے، ہرگز نہیں کہتا کہ مہنگائی نہیں ہے ضرور ہے مگر کم ہوئی، کھانے پینے کی اشیاء میں مہنگائی کی شرح 40 فیصد سے 2 فیصد پر آگئی ہے، بی آئی ایس پی کیلئے غریبوں کیلئے 600 ارب مختص کئے گئے ہیں، پی ایس ڈی پی 1200 ارب جبکہ غریبوں کیلئے 600 ارب رکھا گیا، اس مرتبہ ریکارڈ 1200 ارب کے ترقیاتی منصوبے رکھے گئے ہیں، جہاں سے سڑک گزرتی ہے وہاں ترقی کے منصوبے بنتے ہیں۔

قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمر ایوب کو سن رہا تھا کہ 2013 پر تقاریر کر رہے ہیں، عمر ایوب صاحب آپ کے انگوٹھے چھپے ہوئے ہیں، آپ 2013 میں ن لیگ کے وزیر تھے، منشی نہیں وزیر تھے مت کرتے، آج آپ یہاں وہاں یہ وہ کرتے ہیں تب کیوں نہیں کیا جب دستخط کئے، صرف یہ چاہتے ہیں ترقی کا سفر رک جائے اندھیرا مایوسی پھیلے، یہ وہ مرزا یار ہیں جو اب بد دعاؤں پر اتر آئے ہیں۔

بجلی کے نرخوں سے متلق بات کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم نے کہا کہ پاکستان کے 86 فیصد گھرانے  200 یونٹ سے کم بجلی استعال کرتے ہیں، وزیر اعظم نے 86 فیصد گھرانوں کیلئے گزشتہ سال کے ریٹ رکھے ہیں، باقی 14 فیصد جو رہ گئے ہیں وہ مرسڈیز پر گھومتے ہیں۔

کاروباری صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ چند مہینوں میں سٹاک مارکیٹ ریکارڈ اوپر گئی ہے، محض چند مہینوں میں 76 فیصد مارکیٹ کا اوپر جانا معاشی استحکام ہے، شرح سود میں کمی سے قرضوں کی شرح مہنگائی کم ہوگی، نوجوانوں کو قرضے فراہم کریں گے، ہماری ایکسپورٹس میں 3  ارب کا اضافہ ہوا ہے، اس وقت سرکار کی آمدن اور خرچ تقریباً برابر ہیں، ہم نے اپنے خرچے کم کر دئیے ہیں ٹیکسز کے ذریعے آمدن بڑھا دی ہے، معیشت کے استحکام بارے جتنی باتیں کی ہیں ان کی تصدیق بھی ہو گئی، فچ کی ریٹنگ یہ ہے کہ دنیا کا تھوڑا سا اعتماد بڑھ گیا ہے، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 8.1 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شرح سود میں مزید کمی کی گنجائش موجود ہے ، وزیر خزانہ کا انکشاف

وفاقی وزیر پٹرولیم نے نے ملکی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا مان رہی ہے استحکام آرہا ہے یہ تو یہاں دھنگا فساد کیوں برپا ہے، مسئلہ فساد ہے اور جڑ ہے یہ فسادی ہیں، یہ کہتے ہیں خان نہیں تو پاکستان بھی نہیں، خدا کا خوف کریں پاکستان ہے تو خان بھی ہے اور ہم بھی ہیں، امریکہ میں پی ٹی آئی نے لابینگ فرم ہائر کی، وہ فرم 3 دہائیوں سے پاکستان کی سلامتی کے خلاف کام کر رہی ہے، فرم پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کیلئے خطرہ ہے، یہ اس کے خلاف کام کر رہی ہے، یہ اس فرم کو ہائر کر کے لابنگ اور یہاں خان نہیں تو پاکستان نہیں کہتے ہیں۔

مزیدخبریں