تیز ہوائیں، کالی گھٹائیں اور موسلادھار بارش، محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(روزینہ علی) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے، کالی گھٹائیں چھانے اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے، موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال سے متعلق انتباہ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات کشمیر ، پنجاب ، اسلام آباد ، خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان، سندھ اور بلو چستان میں تیز ہواؤں/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران کشمیر،شمال مشر قی پنجاب، جنوبی سندھ اورجنوبی بلو چستان میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ (صبح) بدھ کے روز اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم مر طوب اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ صبح اور رات کے اوقات میں تیز ہواؤں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر میدانی اضلاع میں موسم گرم اور مر طوب رہے گا، تاہم چترال، دیر، سوات، کو ہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مردان، صوابی، نوشہرہ، پشاور، کرم اوروزیرستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
صوبہ پنجاب میں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، حافظ آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، قصور ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان میں تیز ہواؤں/ جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مر طوب رہے گا، تاہم ژوب، بارکھان، کو ہلو، کوئٹہ، قلات، خضدار، لسبیلہ، آواران، گوادر، جیوانی، پسنی، کیچ ، تربت اور پنجگور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب بار کونسل کا آئی پی پیز سے متعلق گوہر اعجاز کے مطالبات کی حمایت کا اعلان
صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مر طوب رہے گا، تاہم تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، کراچی، جامشورو اوردادو میں چند مقا مات پر آندھی/جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
انتباہ :
آج رات موسلا دھار بارش سےکشمیر، شمال مشرقی پنجاب، کو ہ سلیما ن اور ملحقہ شمال مشر قی/جنوبی بلو چستان کے پہا ڑی علا قوں کے مقامی / بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، موسلا دھار بارش کے باعث شمال مشرقی پنجاب، کراچی سمیت زیریں سندھ کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا بھی اندیشہ ہے۔