(24نیوز) مسلم لیگ (ن)کے رہنما احسن اقبال نے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی عدم موجودگی سے متعلق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان کو بچگانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہبازشریف اپنے بہنوئی کے انتقال کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا بیان ان کی عمر کے حساب سے تو ٹھیک ہے، مگر ایک پارٹی کے سربراہ کے حساب سے ٹھیک نہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کام ہوتا ہے کہ حکومتی بجٹ کے نقائص کی نشاندہی کرے۔نون لیگ کے رکنِ قومی اسمبلی نے کہا کہ مہنگائی میں سب سے اہم کردار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے سب اداروں کے ساتھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو بھی تباہ کر دیا ہے۔(ن )لیگی رہنما نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے سربراہ کو اس لیے ہٹایا گیا کہ وہ حکومت کی کرپشن کو روک رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ اس حکومت نے سب منصوبوں کو سفید ہاتھی بنا دیا ہے، تاریخ میں پہلی بار کسی حکومت کو بجٹ میں اتنے یوٹرن لینے پڑے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن جو کرسکتی ہم نے کیا، ہم نے حکومت کو مجبور کیا کہ ٹیکس واپس لیا جائے، ہمارے پاس عددی اکثریت نہیں۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اس حکومت نے پی آئی اے اور ریلوے سمیت سب کچھ تباہ کر دیا ہے، پی ڈی ایم 5 جولائی کو سوات سے عوامی مہم کا آغاز کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔ اپوزیشن انتخابی دھاندلی روکنے کی تجاویز دے۔ سننے کو تیار ہیں۔۔وزیراعظم
شہباز شریف کی عدم موجودگی پر بلاول کا بیان بچگانہ ہے۔۔احسن اقبال
Jun 30, 2021 | 19:17:PM