تجاوزات کیخلاف آپریشن ۔۔بے گھرافراد کومتبادل زمین دینے کا اعلان

Jun 30, 2021 | 19:35:PM

 (نیوز ایجنسی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تجاوزات آپریشن سے بے گھرافراد کومتبادل زمین دینے کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع سندھ حکومت کے مطابق سندھ حکومت نے بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر متبادل آباد کاری پلان تیار کرلیاہے۔ پلان کے مطابق اورنگی، گجرنالہ کے اطراف گرائے گئے گھروں کے مکینوں کو متبادل پلاٹ دیئے جائیں گے۔ 
دیگررہائشی منصوبوں کے متاثرین کو بھی متبادل زمین دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق کراچی میں تجاوزات آپریشن کے دوران گرائی گئی دکانوں کے مالکان کو بھی متبادل زمین دی جائے گی۔دوسری جانب سندھ حکومت نے غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات پر انکوائری کمیشن کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ انکوائری کمیشن کے قیام سے متعلق نوٹیفکیشن جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔
 مجوزہ انکوائری کمیشن سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں قائم کیا جائے گا، جس کے لئے کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس طے کرلئے گئے ہیں۔ انکوائری کمیشن غیرقانونی تعمیرات، قبضوں کے ذمہ دار اداروں اورحکام کی نشاندہی کرے گا، انکوائری کمیشن نجی وسرکاری زمینوں پر خلاف ضابطہ تعمیرات میں ملوث افسران کا تعین کرے گا۔ذرائع کے مطابق کمیشن کا مسودہ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تیار کیا ہے۔کمیشن گجرنالے اور دیگر متاثرین کو متبادل80،80 گز کا پلاٹ فراہم کرے گا۔ کمیشن دیگر متاثرین کے لئے بھی متبادل پلاٹوں کا بندوبست کرے گا۔کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لئےمسودہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے حوالے کردیاہے۔کمیشن میں نسلہ ٹاور اور دیگر متاثرین کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا۔
 

مزیدخبریں