(نیوز ایجنسی) وزارت خزانہ نے ملکی معیشت پر ماہانہ اپ ڈیٹ آﺅٹ لک رپورٹ جاری کردی جس میں کہا گیا ہے کہ معاشی بحالی اور سرگرمیوں میں تیزی کا سلسلہ برقرار ہے۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق صنعتی اور زرعی پیداوار میں بہتری جبکہ ٹیکس ریونیو اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، جولائی تااپریل ترسیلات زر29فیصد اضافے سے 26.7 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ ملکی برآمدات10.3فیصد اضافے سے 23.1ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ درآمدات17.9فیصد اضافے سے 47.3ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق کرنٹ اکاﺅنٹ بیلنس ایک بار پھر20کروڑ ڈالر سرپلس ریکارڈ کیا گیا، کرنٹ اکاﺅنٹ بیلنس جی ڈی پی کا 0.1فیصد ریکارڈ ہوا، پورٹ فولیوسرمایہ کاری مثبت رجحان کے ساتھ1.75ارب ڈالرتک پہنچیں، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 107فیصد اضافے سے 3.92ارب ڈالر جبکہ مجموعی زرمبادلہ ذخائر مئی کے اختتام تک22ارب96کروڑڈالر تک پہنچ گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک15.79ارب ڈالر اور کمرشل بینکوں کے ذخائر7.17ارب ڈالر رہے ڈالر کی شرح تبادلہ158.53روپے فی ڈالر کی سطح پرپہنچ گئی، پہلے10ماہ میں ٹیکس ریونیو17.5فیصد اضافے سے 4170ارب روپے رہا، پہلے10ماہ میں نان ٹیکس آمدنی6.5 فیصد کمی سے1216ارب رہی۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ پہلے10ماہ میں پی ایس ڈی پی مد میں 565ارب روپے منظور کیے گئے، مالیاتی خسارہ کم ہو کر 2020ارب روپے کی سطح تک پہنچا، زرعی قرضے 10.3فیصد اضافے سے 1191ارب روپے پر پہنچ گئے، مہنگائی کی سالانہ شرح مئی میں 10.9فیصد رہی جبکہ جولائی تا مئی میں 8.8فیصد رہی۔ماہانہ اپ ڈیٹ آﺅٹ لک رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بڑی صنعتوں کی شرح نمو اپریل میں 68.1فیصد تک پہنچ گئی، شرح نمو جولائی تا اپریل میں 12.8فیصد تک پہنچی، اسٹاک ایکسچینج انڈیکس 47 ہزار901 پوائنٹس عبور کر گیا۔
یہ بھی پڑھیں۔ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین کی اپنی نوکرانی کو ”ڈانٹنے “کی ویڈیو منظر عام پر آگئی