بارش نے جل تھل کر دی،موسم خوشگوار، مزید بارشوں کی پیشگوئی

Jun 30, 2024 | 10:01:AM
بارش نے جل تھل کر دی،موسم خوشگوار، مزید بارشوں کی پیشگوئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)ملک کے مختلف میں ہونے والی بارشوں سے گرمی کی شدت میں  قدرےکمی واقع ہوئی ہے۔

نارووال میں آدھے گھنٹے کی بارش نے جل تھل ایک کردیا  بارش سے جہاں موسم سہانا اور ٹھنڈا ہوگیا وہیں مختلف علاقوں میں 2سے 3فٹ تک پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا بھی رہا۔نارووال میں ہونے والی بارش  پورے شہر کو ندی نالوں میں تبدیل کر دیا۔ناروال کے جن علاقوں میں زیادہ بارش ہوئی ان میں  ظفروال روڈ ، امام بارگاہ روڈ  پرانی کچہری روڈ شامل ہیں۔

 لاہور شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے،ٹھنڈی ہوائیں چلنےسے موسم خوشگوار ہو گیا ،چھٹی کے روز موسم خوشگوار ہونے پر شہریوں کے چہرے کھل اُٹھے۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ   کیا گیا ،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ  تک جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 27 فیصد ریکارڈ  کیا گیا،آئندہ 24گھنٹوں کے دوران گرج چمک کیساتھ بارش کی توقع ہے۔
 بارش  کے بعد فضائی آلودگی میں کمی واقع ہوئی ہے ،ایئر کوالٹی انڈکس کی شرح  94 ریکارڈ جبکہ عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور 9ویں نمبر پر  آگیا۔
جوہر ٹاؤن 110،شاہراہ قائداعظم پر آلودگی کی شرح 131ریکارڈ   کی گئی۔

 ادھر کراچی میں شدید گرمی اور حبس کی لہر برقرار ہے،شہر میں مطلع جزوی ابر آلود،درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا ،گرمی کی شدت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے۔

ایئرکوالٹی انڈیکس کی بات کریں تو شہر قائد کا فضائی معیار قدرے بہتر ہے،دنیاکے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 46 نمبر پر موجودہے جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی پانچویں نمبر پر آگیا۔ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 58 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی جارہی ہے۔

 دوسری جانب مشرقی بلوچستان کے کوہ سلیمان رینج میں موسلادھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کئی شاہراہیں ٹریفک کیلئے بند ہیں اور بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئیں۔

کوہ سلیمان رینج میں موسلادھار بارش کے باعث کوئٹہ، چمن، ژوب مغل کوٹ سیکشن پر کوہ سلیمان کے دانہ سر رینج کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ژوب ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ دھانہ سر کے مقام پر بند ہے۔

بلوچستان کو خیبرپختونخوا سے ملانے والی این 70 ہائی وے بھی ٹریفک کیلئے بند ہے جبکہ بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئیں۔

پی ڈی ایم اے حکام نے پشاور، سوات، اسلام آباد اور پنڈی سے آنے والی ٹرانسپورٹ ڈی آئی خان پر روکنے کی ہدایات کی ہے، ژوب اور قلعہ سیف اللہ جانے والی ٹرانسپورٹ کو بھی روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق پھنسے مسافروں کو ریسکیو و ریلیف کیلئے ٹیمیں روانہ ہوگئی ہیں، ہیوی مشینری کے ذریعے شاہراہ کو بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ضلع آواران کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارش ہوئی ہے، سیڈ ندی میں طغیانی کے باعث آواران کا جھاؤ سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

لیویز حکام کے مطابق وھلی ندی میں طغیانی کے باعث آواران تربت روڈ بھی ٹریفک کیلئے بند ہوگئی، بلوچستان میں 5 روز سے جاری بارشوں سے اموات کی تعداد 6 ہوگئی ہے جبکہ 25 افراد زخمی ہوئے ہیں۔