ایف بی آرنے مالی سال 2023-24 کیلئے محصولات کا نظر ثانی شدہ ہدف حاصل کرلیا

Jun 30, 2024 | 23:16:PM
ایف بی آرنے مالی سال 2023-24 کیلئے محصولات کا نظر ثانی شدہ ہدف حاصل کرلیا
کیپشن: ایف بی آر لوگو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(وقاص عظیم)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر )نے مالی سال 2023-24 کیلئے محصولات کا نظر ثانی شدہ ہدف حاصل کرلیا،ایف بی آر نے مالی سال2023-24 کیلئے9306 ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کا نظر ثانی شدہ   ہدف  9252   ارب تھا،ایف بی آر کے مطابق 30 جون تک نظر ثانی شدہ سالانہ ہدف سے  54   ارب روپے زائد جمع کئے گئے،گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں محصولات کی وصولی میں 30فیصد اضافہ ہوا،پچھلے مالی سال کے 7164   ارب روپے کے مقابلہ میں 2142   ارب روپے زیادہ جمع کئے گئے،جون 2024   کے دوران 1183   ارب روپے جمع کئے گئے۔

ایف بی آرکا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کی براہ راست دلچسپی کی وجہ سے پاکستان کے ٹیکس سسٹم میں نمایاں سٹریکچرل بہتری دیکھنے میں آئی۔ پالیسی شفٹ کی وجہ سے مقامی وسائل کو متحرک کرنے پر زیادہ توجہ مبذول کی گئی۔امیر اور باوسائل طبقہ پر براہ راست ٹیکس بڑھائے گئے۔ریفنڈز جاری کرکے کاروبارکرنے والوں اور ایکسپورٹرز کو آسانیاں مہیا کی گئیں۔وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں مالی سال 2023-24   کے دوران 469   روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے۔گذشتہ مالی سال میں 331   ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے تھے۔ 

ایف بی آر کے مطابق موجودہ مالی سال کے دوران براہ راست ٹیکسز کا حصہ 47   فیصد رہا۔ ایف بی آر نے ڈومیسٹک ٹیکسز کی مد میں 6128   ارب روپے اور درآمدی ٹیکسزکی مد میں 3178   ارب روپے جمع کئے۔ڈومیسٹک ٹیکسز میں 37   فیصد اور درآمدی ٹیکسز میں 18   فیصد اضافہ ہوا۔ریونیو کلیکشن میں ڈومیسٹک ٹیکسز کا حصہ 65    فیصد رہا،  انکم ٹیکس کی مد میں 4528   ارب روپے جمع کئے گئے۔ سیلز ٹیکس کی مد میں 3098   ارب روپے جمع کئے گئے۔ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 576    ارب روپے جمع کئے گئے۔ کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 1104    ارب روپے کے محصولات جمع کئے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: محمد رضوان،بابراعظم کے کپتان بن گئے