(24نیوز)وفاقی وزیر حماد اظہر کو وزیر خزانہ مقرر کئے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کے بعد حفیظ شیخ وزارت خزانہ کے عہدے سے فارغ ہوگئے۔ وزیراعظم نےندیم بابر کی جگہ تابش گوہر کو معاون خصوصی برائے پیٹرولیم مقرر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزیر برائے ریونیو حماد اظہر کو وزارت خزانہ کا قلمدان سونپے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے بعد حفیظ شیخ وزارت خزانہ کے عہدے سے فارغ ہوگئے ہیں۔دوسری جانب ندیم بابر کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن بھی جارکردیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ تابش گوہر کو معاون خصوصی برائے پٹرولیم کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز حفیظ شیخ سے وزارت خزانہ کا قلمدان واپس لینے اور وفاقی وزیر حماد اظہر کو یہ ذمہ داری سونپے جانے کا فیصلہ کیا۔اس حوالے سے حکومتی ترجمان وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ و زیراعظم عمران خان نے نئی ٹیم لانے کا فیصلہ کیا ہے اور انہوں نے فنانس کی نئی ٹیم تشکیل دی ہے۔شبلی فراز نے بتایا کہ ملکی حقائق کو مدنظر رکھ کرفیصلے کیے جاتے ہیں،حماد اظہر اب فنانس ٹیم کی سربراہی کریں گے، غریب لوگوں کو ریلیف دینا ہے، جب کوئی نیا بندہ آتا ہے تو نئی سوچ کے ساتھ آتا ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی 3 سال سے بھی کم مدت کے دوران وفاقی کابینہ میں تیسری مرتبہ بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔