لاہور ہائیکورٹ : نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ کالعدم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) لاہور ہائیکورٹ سے شہبازشریف خاندان کو بڑا ریلیف مل گیا۔ منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے لیگی صدر کی اہلیہ نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے نصرت شہباز کی درخواست پر سماعت کی جس میں شہبازشریف کی اہلیہ نے خود کو اشتہاری قرار دینے کے اقدام کو چیلنج کیا. عدالت نے نصرت شہباز کی درخواست منظور کرلی اور انہیں احتساب عدالت میں اپنا نمائندہ مقرر کرنے کا حکم دے دیا. عدالت نے حکم دیا کہ نصرت شہباز صحت یاب ہوکر عدالتی کارروائی میں شامل ہوں۔
عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ نصرت شہباز کا مقرر کردہ نمائندہ انہیں ہر سماعت کی کارروائی سے آگاہ کرنے کا بھی پابند ہو گا. واضح رہے کہ نصرت شہباز نے احتساب عدالت کے اشتہاری قرار دینے کے فیصلے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور نشاندہی کی کہ وہ بیرون ملک بیمار ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو رہی اس لیے انہیں اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔