(24 نیوز)بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں دو گروپوں کے درمیان ہونے و الے تصادم اور اس میں بھارتی فلم انڈسٹری کےمعروف اداکار اجے دیوگن کی موجود گی کی افواہوں سے متعلق بالی وڈ اداکار کا بیان سامنے آگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے دہلی میں واقع ایک کلب کے باہر دوگروپوں میں جھگڑے کی خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی جس سے متعلق مداحوں کا کہنا تھا کہ اس جھگڑےمیں موجود ایک شخص کوئی اور نہیں بلکہ بھارتی اداکار اجے دیوگن تھے۔بھارتی نیوز چینل کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر چلنے والی جھگڑے کی ویڈیو سے متعلق صارفین کی قیاس آرائیاں ہیں کہ اس میں جس شخص کو مارا پیٹا جارہا ہے وہ کوئی اور نہیں بلکہ اجے دیوگن ہیں۔اس حوالے سے اب اداکار اجے دیوگن نے اپنے ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ میرے کچھ ہم شکل مشکل میں پڑگئے ہیں، مجھے اس حوالے سے فکر مند کالز موصول ہوئی ہیں۔اجے دیوگن نے مزید لکھا میں صرف یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں نے کہیں بھی سفر نہیں کیا ہے، مجھ سے متعلق کسی بھی جھگڑے کی خبریں بے بنیاد ہیں ۔