پاک فضائیہ کے سربراہ کا نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ۔۔نیول چیف سے ملاقات 

Mar 30, 2021 | 22:52:PM

 (24نیوز) پاک فضائیہ کے سربراہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کمان سنبھالنے کے بعد نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔
نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر امیرالبحر نے سربراہ پاک فضائیہ کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔معزز مہمان نے یادگارِشہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور نیول ہیڈ کوارٹرز کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے اُن کا تعارف کروایا گیا۔

بعدازاں  ائیر چیف نے نیول چیف کے دفتر میں اُن سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران، نیول چیف نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھالنے پر چیف آف دی ائیر اسٹاف کو مبارک باد دی۔
 نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ اور پاک فضائیہ تمام اہم آپریشنل اور انٹر سروسز معاملات میں مِل جُل کر اور باہمی تعاون کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔ نیول چیف نے نیک تمناﺅں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے زیرِ کمان پاک فضائیہ مزید ترقی کرتے ہوئے کامیابیاں حاصل کرے گی۔ائیر چیف مارشل نے بھی ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے پاک فضائیہ کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔

مزیدخبریں