(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی نژاد برطانوی اداکار و گلوکار رز احمد نے فلمی دنیا کا سب سے مشہور عالمی ایوارڈ ’آسکر‘ جیت کر نئی تاریخ رقم کردی۔
ترکی اردو کی ویب رپورٹ کے مطابق رز احمد کو 94 ویں ’ٓآسکر’ ایوارڈز کی تقریب میں ان کی شارٹ لائیو ایکشن فلم ’دی لانگ گڈ بائے‘ کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔رز احمد نے ’دی لانگ گڈ بائے‘ کو انیل کاریا کے ساتھ لکھا تھا جب کہ پاکستانی نژاد اداکار نے اس میں اداکاری بھی کی تھی۔
پاکستانی نژاد رز احمد کی فلم شارٹ لائیو ایکشن فلم کو بہترین ’شارٹ لائیو‘ فلم کا ایوارڈ دیا گیا اور یوں وہ پہلے پاکستانی نژاد ہولی وڈ مسلمان اداکار بن گئے، جنہوں نے فلمی دنیا کا اعلیٰ ترین ایوارڈ جیتا۔اس سے قبل گزشتہ برس رز احمد کو پہلی بار ’آسکر‘ کے لئے نامزد کیا گیا تھا مگر بد قسمتی سے 2021 میں وہ ایوارڈ جیت نہیں پائے تھے۔گزشتہ برس رز احمد کو ان کی فلم ’ساؤنڈ آف میٹل‘ میں شاندار اداکاری کی وجہ سے بہترین اداکار کے لئے نامزد کیا گیا تھا مگر وہ ایوارڈ جیت نہیں پائے تھے۔
یاد رہے کہ اداکار رز احمد دو درجن سے زائد فلموں میں کام کر چکے ہیں، انہوں نے 2006 میں ’دی روڈ ٹو گوانتانامو ‘نامی فلم سے اداکاری کا آغاز کیا تھا۔رز احمد نے برطانوی و امریکی ٹی وی سیریلز میں کام کرنے سمیت گلوکاری بھی کی ہے جبکہ انہوں نے متعدد گانوں میں ماڈلنگ بھی کر رکھی ہے۔پاکستانی نژاد اداکار نے گزشتہ برس جنوری میں سادگی سے بھارتی نژاد مسلمان لڑکی فاطمہ فرحین مرزا سے شادی کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان سے متعلق منیب بٹ کا سنسنی خیز انکشاف